Masarrat
Masarrat Urdu

مودی حکومت میں تعلیمی نظام ہوا تباہ، آکانکشا کی موت اسی ناکامی کا نتیجہ: راہل گاندھی

Thumb

نئی دہلی، 4 جون (مسرت ڈاٹ کام) کانگریس کے سابق صدر اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے نیٹ امتحان میں بے قاعدگیوں کے لئے مودی حکومت کو ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے کہا کہ نیٹ پیپر لیک ہونے کی وجہ سے جان گنوانے والی آکانکشا کی موت خودکشی نہیں، بلکہ ایک کرپٹ اور ٹوٹے ہوئے نظام کا نتیجہ ہے۔

مسٹر گاندھی نے جمعرات کو سوشل میڈیا ایکس پر کہا کہ آکانکشا ڈاکٹر بن کر ملک اور سماج کی خدمت کرنا چاہتی تھی۔ اس کے والد کسان ہیں، جنہوں نے بیٹی کے خواب کو پورا کرنے کے لیے کسان کریڈٹ کارڈ پر 3 لاکھ روپے کا قرض لیا اور ناگپور میں باورچی کے طور پر کام کیا تاکہ وہ کوچنگ کرسکے۔

کانگریس لیڈر نے کہا کہ ایک والد نے ہر ممکن کوشش کی، لیکن این ای ای ٹی پیپر لیک ہونے اور امتحان کی منسوخی سے پیدا ہونے والی غیر یقینی صورتحال کے درمیان آکانکشا ہمیں چھوڑکر چلی گئی۔

مسٹر گاندھی نے الزام لگایا کہ یہ صرف ایک طالب علم کا المیہ نہیں ہے بلکہ تعلیمی نظام کی ناکامی کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان عہدے پر برقرار ہیں اور حکومت کے اقدامات صرف کمیٹیاں بنانے، عہدیداروں کے تبادلے اور تحقیقات کا اعلان کرنے تک محدود ہیں۔

کانگریس لیڈر نے وزیر اعظم نریندر مودی سے کہا کہ اقتدار مستقل نہیں ہوتا، لیکن گزشتہ 12 برسوں میں تعلیمی نظام کو جس حالت میں پہنچایا گیا ہے، اس کی قمت ملک کی پوری نوجوان نسل چکا رہی ہے۔

انہوں نے الزام لگایا کہ بار بار امتحانی تنازعات، پیپر لیک ہونے اور انتظامی بدانتظامی نے طلباء کے مستقبل کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔

انہوں نے الزام لگایا کہ بار بار امتحانی تنازعات، پیپر لیک اور انتظامی بدانتظامی نے طلباء کے مستقبل کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔

 

Ads