تہران، 2جون (مسرت ڈاٹ کلم) ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے لبنانی ہم منصب سے ٹیلیفونک گفتگو کے دوران کہا ہے کہ ایران اور لبنان کے تعلقات نہایت مضبوط ہیں، اسرائیلی حملے جاری رہے تو نہ صرف مذاکراتی عمل روک دیا جائے گا بلکہ صہیونی حکومت کے خلاف بھرپور مؤقف اختیار کیا جائے گا۔
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمدباقر قالیباف نے لبنان کی پارلیمنٹ کے اسپیکر نبیہ بری سے ٹیلیفونک گفتگو میں ایران اور لبنان کے درمیان گہرے تعلقات پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کا رشتہ ناقابلِ انقطاع ہے اور دونوں اقوام کے مفادات اور تقدیر ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں۔
محمدباقر قالیباف نے گفتگو کے دوران کہا کہ اگر ایران اور امریکہ کے درمیان جنگ کے خاتمے یا کشیدگی کم کرنے کے حوالے سے کوئی معاہدہ طے پاتا ہے تو اس میں تمام محاذوں پر حملوں کا خاتمہ شامل ہوگا، خصوصا لبنان میں جاری اسرائیلی کارروائیوں کا رکنا اس کا اہم حصہ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو روز کے دوران ایران نے اسرائیلی حملوں کو رکوانے کے لیے سنجیدہ سفارتی کوششیں کی ہیں۔ اگر صہیونی حکومت کی جارحیت اور جرائم کا سلسلہ جاری رہا تو ایران نہ صرف مذاکراتی عمل کو معطل کر سکتا ہے بلکہ اسرائیلی اقدامات کے خلاف مضبوط مؤقف بھی اختیار کرے گا۔
ایرانی اسپیکر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ لبنان کے تمام علاقوں، بالخصوص جنوبی لبنان میں مکمل جنگ بندی کے قیام کے لیے کوششیں جاری رکھی جائیں گی تاکہ خطے میں امن و استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔
اس موقع پر لبنان کی پارلیمنٹ کے اسپیکر نبیہ بری نے اسرائیلی حملوں کو رکوانے کے لیے ایران کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ لبنان اس نازک مرحلے میں ایران کے مثبت اور حمایتی مؤقف کو کبھی فراموش نہیں کرے گا۔
انہوں نے خطے میں امن کے قیام اور لبنانی خودمختاری کے تحفظ کے لیے جاری سفارتی اقدامات کی بھی تعریف کی۔
