Masarrat
Masarrat Urdu

ایران کی دھمکی رنگ لائی، امریکی مداخلت کے بعد بیروت پر اسرائیلی حملہ مؤخر

  • 02 Jun 2026
  • مسرت ڈیسک
  • دنیا
Thumb

تہران، 2 جون (مسرت ڈاٹ کام) عرب اور اسرائیلی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق اسرائیل کا جنوبی بیروت پر م بڑا حملہ آخری لمحے میں مؤخر کر دیا گیا، جبکہ اس فیصلے میں ایران کی دھمکی اور امریکی مداخلت کو اہم سبب قرار دیا جا رہا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسرائیلی ذرائع ابلاغ نے اعلان کیا ہے کہ جنوبی بیروت پر اسرائیل کا طے شدہ حملہ مؤخر کر دیا گیا ہے۔

اسرائیلی سرکاری نشریاتی ادارے کے ایک باخبر ذریعے کے مطابق اسرائیل جنوبی بیروت کے مضافاتی علاقے پر ایک بڑے حملے کی تیاری کر رہا تھا، تاہم آخری لمحے میں امریکی مداخلت کے بعد اس کارروائی کو ملتوی کر دیا گیا۔

دوسری جانب المیادین نے رپورٹ کیا ہے کہ اسرائیل کے چینل 12 کے مطابق بنیامین نتن یاہو اور ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ہونے والی ٹیلیفونک گفتگو کے بعد جنوبی بیروت پر حملے سے متعلق فیصلہ مؤخر کر دیا گیا، جبکہ اس دوران نئی جنگ بندی کے حصول کے لیے کوششیں بھی جاری ہیں۔

خبر رساں ادارے رائٹرز نے دو اسرائیلی ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ جنوبی بیروت میں کسی بھی فوجی کارروائی کے لیے اسرائیل حتمی امریکی منظوری کا انتظار کر رہا ہے۔

یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب چند گھنٹے قبل اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نتن یاہو نے جنوبی بیروت پر حملے کے احکامات جاری کرنے کا اعلان کیا تھا۔

اس اعلان کے بعد ایران کے مرکزی فوجی ہیڈکوارٹر خاتم الانبیاء سینٹرل ہیڈکوارٹرز کے کمانڈر میجر جنرل علی عبداللہی نے کہا تھا کہ نتن یاہو نے بیروت اور جنوبی بیروت کو بمباری کی دھمکی دیتے ہوئے وہاں کے رہائشیوں کو انخلا کی وارننگ دی ہے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ اگر یہ دھمکی عملی شکل اختیار کرتی ہے تو مقبوضہ علاقوں کے شمالی حصوں اور فوجی بستیوں کے رہائشیوں کو بھی علاقہ چھوڑنے کا مشورہ دیا جاتا ہے تاکہ وہ ممکنہ نقصان سے محفوظ رہ سکیں۔

ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے بھی قبل ازیں سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا تھا کہ ایران اور امریکہ کے درمیان جنگ بندی تمام محاذوں بشمول لبنان پر لاگو ہوتی ہے اور کسی ایک محاذ پر اس کی خلاف ورزی درحقیقت پورے معاہدے کی خلاف ورزی تصور کی جائے گی۔

اسی دوران ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے لبنان میں جنگ بندی کی بار بار خلاف ورزیوں، لبنانی شہریوں کی مسلسل بے دخلی اور اسرائیلی اقدامات کے لیے امریکی سیاسی و عسکری حمایت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برادری سے مؤثر کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

Ads