Masarrat
Masarrat Urdu

ایران معاہدے پر ڈونلڈ ٹرمپ کا حتمی فیصلہ مؤخر: امریکی اخبار کا دعویٰ

  • 30 May 2026
  • مسرت ڈیسک
  • دنیا
Thumb

واشنگٹن، 30 مئی (مسرت ڈاٹ کام) امریکی اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران معاہدے پر ڈونلڈ ٹرمپ نے حتمی فیصلہ مؤخر کردیا ہے اور سچویشن روم میں اہم اجلاس بےنتیجہ ختم ہوگیا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی زیرِ صدارت وائٹ ہاؤس کے انتہائی حساس "سچویشن روم” میں ہونے والا اہم ترین اجلاس کسی حتمی فیصلے کے بغیر ختم ہو گیا۔ امریکی میڈیا نے بتایا کہ دو گھنٹے تک جاری رہنے والے اس ہائی لیول اجلاس میں ایران کے ساتھ جنگ بندی کے معاہدے میں توسیع پر غور کیا گیا، تاہم صدر ٹرمپ اس حوالے سے کوئی فیصلہ کرنے میں ناکام رہے۔

وائٹ ہاؤس نے اجلاس کی اندرونی تفصیلات جاری نہیں کیں تاہم امریکی اخبار ‘نیویارک ٹائمز’ نے اجلاس کے بے نتیجہ ختم ہونے کی تصدیق کی ہے۔ اجلاس کے فوراً بعد وائٹ ہاؤس کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے واضح کیا کہ صدر ٹرمپ صرف اسی صورت میں معاہدے کو قبول کریں گے جو مکمل طور پر امریکی مفادات کے حق میں ہو اور ان کی مقرر کردہ ‘سرخ لکیروں’ پر پورا اترتا ہو۔ انہوں نے دوٹوک الفاظ میں دہرایا "ایران کو کسی بھی صورت میں جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔”

دوسری جانب تہران کی طرف سے بھی اس صورتحال پر ردِعمل سامنے آیا ہے، ایک سینئر ایرانی ذرائع نے عالمی خبر رساں ادارے ‘روئٹرز’ کو بتایا کہ معاہدہ اس وقت اپنی تکمیل کے بالکل قریب ہے، تاہم اسے ابھی تک دونوں جانب سے حتمی منظوری حاصل نہیں ہو سکی۔ ذرائع کے مطابق فریقین کے درمیان پسِ پردہ مذاکرات کا سلسلہ اب بھی جاری ہے اور دونوں ممالک کے سفارت کار اہم ترین معاملات پر اتفاقِ رائے پیدا کرنے کی سرتوڑ کوششیں کر رہے ہیں۔

 

Ads