Masarrat
Masarrat Urdu

اگر ایران پر دوبارہ حملہ ہوا تو دشمن سخت پچھتائے گا، قالیباف

Thumb

تہران، 21 مئی (مسرت ڈاٹ کام) ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے کہا ہے کہ جنگ بندی کے دوران ایرانی فوج نے اپنی تیاری بھرپور انداز میں مکمل کرلی ہے اور ایران کو جھکانے کا خواب پورا نہیں ہوگا۔  

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے کہا ہے کہ ایرانی عوام بے فکر رہیں، ہماری فوج نے جنگ بندی کے اس دوران اپنا دفاعی نظام اور طاقت پہلے سے زیادہ مضبوط کر لی ہے اور اگر دشمن نے دوبارہ ایران پر حملہ کیا تو اسے اس فیصلے پر ضرور پچھتانا پڑے گا۔

تفصیلات کے مطابق، اپنے آڈیو پیغام میں قالیباف نے بتایا کہ تقریبا ایک مہینے سے محاذوں پر گولہ باری رکی ہوئی ہے، لیکن دشمن کے خفیہ اور علانیہ اقدامات سے لگتا ہے کہ وہ اب بھی نئی لڑائی چھیڑنے اور مزید دباؤ ڈالنے کے بارے میں سوچ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ بظاہر مضبوط نظر آتا ہے، لیکن حقیقت میں وہ خود ایک مشکل صورت حال میں پھنس گیا ہے۔ امریکا میں پٹرول کی قیمتیں، مہنگائی، سود کی بلند شرح اور معاشی دباؤ نے عام لوگوں کو پریشان کر دیا ہے، یہاں تک کہ ٹرمپ کے بہت سے حمایتی بھی ایران کے خلاف جنگ کو دراصل اسرائیل کی جنگ سمجھ رہے ہیں اور اسے ٹرمپ کے انتخابی وعدوں کے خلاف قرار دے رہے ہیں۔

قالیباف کے مطابق، امریکی صدر دو راستوں کے درمیان پھنس گیا ہے: جنگ ختم کرے اور اس کی سیاسی قیمت ادا کرے یا پھر جنگ دوبارہ شروع کرے اور سمندری ناکہ بندی اور فوجی دباؤ سے ایران کو جھکانے کی کوشش جاری رکھے۔

انہوں نے کہا کہ امریکی حکام اب بھی یہ غلط سوچ رکھتے ہیں کہ اگر وہ ایران پر اقتصادی پابندیاں اور فوجی دباؤ بڑھاتے رہیں گے تو ایران مذاکرات کی میز پر ان کی زیادہ سے زیادہ شرائط مان لے گا، لیکن ایران کو چاہیے کہ اپنی فوجی اور معاشی طاقت مضبوط رکھ کر دشمن کی یہ غلط فہمی دور کرے۔

قالیباف نے عوام کو یقین دلایا کہ مسلح افواج نے جنگ بندی کے عرصے کو ضائع نہیں کیا بلکہ اس وقت کو اپنے دفاعی نظام کو بہتر بنانے کے لیے استعمال کیا ہے، اور اب وہ اس سطح پر تیار ہیں کہ اگر دشمن نے دوبارہ ایران کے خلاف کوئی کارروائی کی تو اسے سخت اور حیران کن جواب ملے گا اور وہ دوبارہ حملہ کرنے کے بارے میں سوچنے سے بھی ڈرے گا۔

Ads