سلہٹ میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میں بنگلہ دیش کی 78 رنز سے شاندار فتح اور سیریز میں 2-0 کی برتری کے بعد، وسیم اکرم نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم 'X' پر بنگلہ دیشی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے لکھا:"پاکستان کو دوسری بار بنگلہ دیش کے ہاتھوں ہرا ہوا دیکھ کر بہت مایوسی ہوئی، لیکن فاتح ٹیم کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے کیونکہ انہوں نے 'کامل کرکٹ' کا مظاہرہ کیا۔"
سابق کپتان نے خاص طور پر بنگلہ دیش میں ٹیسٹ کرکٹ کے بدلتے ہوئے کلچر اور پچوں کی تیاری کے معیار پر بات کی۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں بنگلہ دیش اپنی دھیمی اور اسپن کے لیے سازگار پچوں کے لیے جانا جاتا تھا، لیکن اب وہ بہترین ٹیسٹ پچز تیار کر رہے ہیں۔
وسیم اکرم کے مطابق بنگلہ دیشی فاسٹ با لرز نے اپنی رفتار اور مہارت سے پاکستانی بلے بازوں کو پیچھے چھوڑ دیا۔ٹیم کی حکمتِ عملی میں واضح تبدیلی نظر آ رہی ہے جو جدید ٹیسٹ کرکٹ کے تقاضوں کے عین مطابق ہے۔وسیم اکرم، جو خود "سلطان آف سوئنگ" کے نام سے مشہور ہیں، نوجوان فاسٹ بالر ناہید رانا کی کارکردگی سے بے حد متاثر نظر آئے۔ انہوں نے ناہید رانا کو ایک غیر معمولی ٹیلنٹ قرار دیتے ہوئے کہا کہ "انہیں بالنگ کرتے ہوئے دیکھنا ایک خوشگوار تجربہ ہے۔
وسیم اکرم نے اپنے پیغام کا اختتام ان الفاظ پر کیا کہ بنگلہ دیش اب اس فارمیٹ میں بہترین ٹیموں کے خلاف مقابلہ کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔ اس جیت نے نہ صرف بنگلہ دیش کا عالمی رینکنگ میں وقار بلند کیا ہے بلکہ کرکٹ کی دنیا کو یہ پیغام بھی دیا ہے کہ اب وہ ہوم گراؤنڈ تک محدود ٹیم نہیں رہے۔
