مسٹر نریندر مودی نے بدھ کو اٹلی کی وزیراعظم جارجیا میلونی کے ساتھ دو طرفہ مذاکرات کے بعد مشترکہ بیان میں کہا کہ میلونی کی قیادت میں دونوں ممالک کے تعلقات کو نئی رفتار اور نیا اعتماد ملا ہے۔
انہوں نے کہا، ''گزشتہ تقریباً ساڑھے تین برسوں میں مجھے کئی مرتبہ وزیراعظم جارجیا میلونی سے ملاقات کا موقع ملا۔ یہ ہندوستان اور اٹلی کے درمیان قریبی تعاون اور باہمی ہم آہنگی کو ظاہر کرتا ہے۔ ان کی قیادت میں ہمارے تعلقات کو نئی رفتار، نئی سمت اور نیا اعتماد ملا ہے۔ مجھے خوشی ہے کہ ہم اپنے تعلقات کو مزید آگے بڑھاتے ہوئے خصوصی تزویراتی شراکت داری تک لے جانے کا اعلان کر رہے ہیں۔''
وزیراعظم نے کہا کہ ہندوستان اور اٹلی مل کر مصنوعات کا ڈیزائن اور ترقی کریں گے اور انہیں دنیا بھر میں دستیاب کرائیں گے۔
انہوں نے کہا، ''اٹلی دنیا بھر میں ڈیزائن اور درستگی کیلئے جانا جاتا ہے، جبکہ ہندوستان اپنی وسعت، صلاحیت اور کم لاگت اختراعات کیلئے پہچانا جاتا ہے۔ اسی لیے ہم 'ہندوستان میں ڈیزائن، اٹلی میں ترقی اور دنیا کیلئے فراہمی' کے اصول پر آگے بڑھیں گے۔''
دفاعی صنعتی شعبے میں تعاون کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا، ''ہمارے دفاعی صنعتی روڈ میپ نے مشترکہ ترقی اور مشترکہ پیداوار کی راہ ہموار کی ہے۔ سمندری طاقتوں کے طور پر ہندوستان اور اٹلی کے درمیان رابطہ کاری کے شعبے میں قریبی تعاون فطری ہے۔ ہم شپنگ، بندرگاہوں کی جدید کاری، لاجسٹکس اور سمندری معیشت پر مل کر کام کریں گے۔''
دہشت گردی کے معاملے پر دونوں ممالک کے مشترکہ مؤقف کا ذکر کرتے ہوئے مسٹر نریندر مودی نے کہا، ''ہندوستان اور اٹلی اس بات پر متفق ہیں کہ دہشت گردی انسانیت کیلئے ایک سنگین خطرہ ہے۔ دہشت گردی کی مالی معاونت کے خلاف ہماری مشترکہ کوششوں نے پوری دنیا کے سامنے ایک اہم مثال پیش کی ہے۔ دونوں ممالک نے واضح پیغام دیا ہے کہ ذمہ دار جمہوریتیں صرف دہشت گردی کی مذمت نہیں کرتیں بلکہ اس کے مالیاتی نیٹ ورک کو توڑنے کیلئے عملی اقدامات بھی کرتی ہیں۔''
انہوں نے کہا کہ یوکرین اور مغربی ایشیا کی صورتحال پر بھی دونوں ممالک مسلسل رابطے میں ہیں۔
مسٹر نریندر مودی نے کہا، ''یوکرین، مغربی ایشیا اور دیگر کشیدہ حالات کے حوالے سے ہم مسلسل رابطے میں رہے ہیں۔ ہندوستان کا واضح مؤقف ہے کہ تمام مسائل کا حل بات چیت اور سفارت کاری کے ذریعے ہی ممکن ہے۔''
