Masarrat
Masarrat Urdu

کیجریوال نے بی جے پی پر جمہوریت کے قتل کا الزام لگایا

Thumb

نئی دہلی، 05 مئی (مسرت ڈاٹ کام) عام آدمی پارٹی (عآپ) کے قومی کنوینر اروند کیجریوال نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) پر جمہوریت کے قتل کا الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ پورے ملک میں کوئی بھی پارٹی جیت کر آ جائے، انہیں کوئی فرق نہیں پڑتا کیونکہ یہ ایجنسیوں کا استعمال کر کے اور ارکان اسمبلی کو توڑ کر حکومتیں گرا دیتے ہیں۔

مسٹر کیجریوال نے پنجاب کے وزیر اعلیٰ بھگونت سنگھ مان کے ساتھ دہلی آئے پارٹی کے ارکان اسمبلی سے کپور تھلہ ہاؤس میں خطاب کیا۔ انہوں نے اس دوران کہا کہ آج پورے ملک پر ایک بڑا بحران منڈلا رہا ہے۔ بی جے پی نے جمہوریت کو ہائی جیک کر لیا ہے اور اس کا قتل کر دیا ہے۔ ملک میں کوئی بھی جیتے، یہ ای ڈی، سی بی آئی اور پیسوں کے زور پر اس پارٹی کے ارکان اور خود پارٹیوں کو توڑ دیتے ہیں، لیڈروں کو جیل بھیج دیتے ہیں اور حکومتیں گرا دیتے ہیں۔ جیتنے کے لیے یہ لوگ ووٹ کاٹ دیتے ہیں اور اپنے ووٹ جڑوا لیتے ہیں۔ پیر کو مغربی بنگال کے انتخابی نتائج کوئی عام انتخاب نہیں تھے، گزشتہ 3-4 ماہ سے ہم دیکھ رہے ہیں کہ وہاں کیا تانڈو چل رہا ہے۔ اسی طرح انہوں نے بہار اور مہاراشٹر میں بھی کیا۔

انہوں نے کہا، "جب میں جیل گیا، اس سے پہلے نئی دہلی اسمبلی حلقہ میں 1 لاکھ 48 ہزار ووٹ تھے، جب میں واپس آیا تو صرف 1 لاکھ 6 ہزار ووٹ بچے تھے۔ انہوں نے تقریباً 6 ماہ کے اندر 42 ہزار ووٹ کٹوا دیے۔ گزشتہ بار میں یہاں سے 30 ہزار ووٹوں سے جیتا تھا، لیکن اس بار 42 ہزار ووٹ کٹنے کی وجہ سے میں 3 ہزار ووٹوں سے ہار گیا۔ جب اپوزیشن کے سارے ووٹ ہی کٹوا دیے جائیں گے تو وہ کیسے جیت سکتی ہے؟ آج ملک کی آزادی اور جمہوریت پر بحران کھڑا ہو گیا ہے جس کے لیے ہمارے مجاہدین آزادی نے قربانیاں دی تھیں۔"

انہوں نے مزید کہا کہ چار سال بعد بھی پنجاب میں حکومت کے حق میں لہر (پرو انکمبنسی) ہے۔ لوگ بھگونت مان حکومت کے کاموں سے بے حد خوش ہیں اور دوبارہ حکومت بنانے کے لیے بے تاب ہیں۔ پنجاب میں مفت بجلی، 10 لاکھ کا انشورنس، شاندار سڑکیں، دیہاتوں میں 3100 کھیل کے میدان اور کھیتوں تک نہرکا پانی پہنچ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے بھی اشو میده یگیہ کا گھوڑا پنجاب میں روکا گیا تھا اور اب بھی بی جے پی کا وجے رتھ پنجاب کے لوگ ہی روکیں گے۔ بی جے پی نے پنجاب کے لوگوں کے 6 راجیہ سبھا ارکان کو چوری کیا ہے، جس کا بدلہ یہاں کے عوام اگلے سال فروری میں ہونے والے اسمبلی انتخابات میں لیں گے۔

 

Ads