Masarrat
Masarrat Urdu

آبنائے ہرمز میں داخل ہونے والے امریکی جنگی جہاز پر میزائل حملہ

  • 04 May 2026
  • مسرت ڈیسک
  • دنیا
Thumb

تہران، 4 مئی (مسرت ڈاٹ کام) ایرانی خبرایجنسی کا کہنا ہے کہ آبنائے ہرمز میں داخل ہونے والے امریکی جنگی جہاز پر میزائل حملہ کیا گیا ہے۔

فارس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق جاسک جزیرے کے قریب امریکی بحری جہاز کو دو میزائل لگے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق امریکی جہاز نے پاسداران انقلاب کی وارننگ نظراندازکی تھی، وارننگ نظر انداز کرنے پر پاسداران انقلاب نے جہاز کو نشانہ بنایا۔ اس سے قبل ایرانی فوج نے آبنائے ہرمز سے گزرنے والے تمام بحری جہازوں کے لیے سخت وارننگ جاری کرتے ہوئے واضح کیا تھا کہ اس اہم بحری گزرگاہ کی سیکیورٹی اب مکمل طور پر مسلح افواج کے کنٹرول میں ہے۔

ایرانی فوج کے ترجمان نے ہدایت جاری کی تھی کہ تمام بحری جہاز گزرنے سے قبل ایرانی افواج کے ساتھ رابطہ کرنے کے پابند ہوں گے۔ ترجمان نے خبردار کیا تھا کہ جو جہاز بغیر ہم آہنگی اور اجازت کے گزرنے کی کوشش کریں گے، ان کی سلامتی خطرے میں پڑ سکتی ہے۔

الجزیرہ ٹی وی کے مطابق ایرانی فوج کا یہ بیان ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے بحری مشن کے اعلان کے ردعمل میں سامنے آیا۔ واضح رہے کہ امریکہ نے گزشتہ دنوں آبنائے ہرمز میں پھنسے ہوئے بحری جہازوں کو نکالنے کے لیے ایک خصوصی مشن شروع کرنے کا اعلان کیا تھا، جسے ایران نے اپنی سمندری حدود کی سیکیورٹی میں مداخلت قرار دیا ہے۔

 

Ads