Masarrat
Masarrat Urdu

کمرشل ایل پی جی سلنڈر 993 روپے مہنگا

Thumb

نئی دہلی یکم مئی (مسرت ڈاٹ کام) مغربی ایشیا کے بحران کے گہرے ہوتے اثرات کے درمیان ملک میں سرکاری تیل مارکیٹنگ کمپنیوں نے کمرشل رسوئی گیس (ایل پی جی) سلنڈر کی قیمتوں میں بھاری اضافے کا اعلان کیا ہے۔

دہلی میں 19 کلو گرام گیس کا کمرشل سلنڈر 993 روپے مہنگا ہو گیا ہے۔ ہوٹلوں اور ریستورانوں میں عام طور پر استعمال ہونے والے کمرشل ایل پی جی سلنڈر کی قیمت میں ایک ہی جھٹکے میں 993 روپے کا اضافہ ایک ریکارڈ ہے۔ مقامی ٹیکسوں کو ملا کر دہلی میں اس کی قیمت اب 2,078.50 روپے سے بڑھ کر 3,071.50 روپے ہو گئی ہے۔

گزشتہ 28 فروری کو مغربی ایشیا کا بحران شروع ہونے کے بعد سے اب تک کمرشل رسوئی گیس سلنڈر کے دام میں یہ چوتھا اضافہ ہے۔ اس سے پہلے، یکم اپریل کو 195.50 روپے، 7 مارچ کو 114.50 روپے اور یکم مارچ کو 28 روپے فی سلنڈر کا اضافہ ہوا تھا۔ اس کے ساتھ ہی، دو ماہ میں قیمتوں میں کل 1,331 روپے کا اضافہ ہوا ہے۔ گھریلو استعمال والے 14 کلو گرام کے رسوئی گیس سلنڈر میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔ اس میں 7 مارچ کو 11 ماہ بعد 60 روپے کا اضافہ کیا گیا تھا۔ فی الحال دہلی میں اس کی قیمت 913 روپے فی سلنڈر ہے۔

ایران پر فروری میں امریکہ اور اسرائیل کے حملے کے بعد تیل اور گیس کی عالمی سپلائی متاثر ہوئی ہے اور قیمتیں عروج پر ہیں۔ حکومت نے فی الحال مالیاتی ایڈجسٹمنٹ کے ذریعے ڈیزیل اور پیٹرول کی قیمتیں نہیں بڑھنے دی ہیں۔ گھریلو ایل پی جی سلنڈر کی قیمت میں بھی اضافہ محدود رکھا گیا ہے۔

 

Ads