Masarrat
Masarrat Urdu

مغربی بنگال اسمبلی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں 142 نشستوں کے لیے ووٹنگ شروع

Thumb

کولکاتہ، 29 اپریل (مسرت ڈاٹ کام) مغربی بنگال اسمبلی انتخابات کے دوسرے اور آخری مرحلے میں 142 نشستوں کے لیے بدھ کی صبح سات بجے سے ووٹنگ شروع ہو گئی ہے اور شام چھ بجے تک ووٹ ڈالے جائیں گے۔ پہلے مرحلے میں 23 اپریل کو 152 نشستوں پر پولنگ ہوئی تھی جس میں 93.19 فیصد رائے دہندگان نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا تھا۔

انتخابات کے دوسرے مرحلے میں کل 142 اسمبلی نشستوں کے لیے 1448 امیدوار میدان میں ہیں۔ اس مرحلے میں 41001 پولنگ اسٹیشن (39301 اہم اور 1700 معاون پولنگ اسٹیشن) بنائے گئے ہیں، جن میں دیہی پولنگ اسٹیشنوں کی تعداد 25083 اور شہری پولنگ اسٹیشنوں کی تعداد 14218 ہے جبکہ 258 ماڈل پولنگ اسٹیشن ہیں۔ اس مرحلے میں 8845 پولنگ اسٹیشنوں کا انتظام مکمل طور پر خواتین سنبھال رہی ہیں۔ کولکاتہ نارتھ، کولکاتہ ساؤتھ، ہاوڑہ، نادیہ، شمالی 24 پرگنہ، جنوبی 24 پرگنہ، ہگلی اور مشرقی بردھمان اسمبلی حلقوں سمیت کم از کم آٹھ انتخابی اضلاع میں دوسرے اور آخری مرحلے کی پولنگ ہوگی۔

الیکشن کمیشن نے ووٹنگ کو تشدد اور خوف سے پاک رکھنے اور آزادانہ و منصفانہ طریقے سے کرانے کے لیے وسیع انتظامات کیے ہیں اور حساس علاقوں میں مرکزی مسلح پولیس فورسز کی بڑی تعیناتی کی گئی ہے۔ الیکشن کمیشن نے مرکزی فورسز کی 2407 کمپنیاں تعینات کی ہیں۔ تمام پولنگ اسٹیشنوں پر صبح سے ہی ووٹرز اپنے حق رائے دہی کا استعمال کرنے کے لیے پہنچنا شروع ہو گئے ہیں۔

 

Ads