جوش ہیزل ووڈ (چار وکٹ) اور بھونیشور کمار (تین وکٹ) کی شاندار گیندبازی کے بعد دیودت پیڈیکل (ناٹ آؤٹ 34) اور ورات کوہلی (ناٹ آؤٹ 23) کی بدولت آر سی بی نے آسانی سے ہدف حاصل کر لیا۔
76 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آر سی بی کی جانب سے جیکب بیتھل اور وراٹ کوہلی نے 26 رنز کی شراکت قائم کی۔ تیسرے اوور میں کائل جیمیسن کی گیند پر ٹی نٹراجن نے جیکب بیتھل کو آؤٹ کر دیا۔ انہوں نے 11 گیندوں پر 20 رنز بنائے۔ اس کے بعد دیودت پڈیکل اور وراٹ کوہلی نے ناٹ آؤٹ 51 رنز کی شراکت قائم کرتے ہوئے ٹیم کو صرف 6.3 اوورز میں فتح دلا دی۔ آر سی بی نے ایک وکٹ پر 77 رنز بنا کر میچ اپنے نام کیا۔
پڈیکل نے 13 گیندوں پر تین چوکے اور تین چھکے لگا کر 34 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جبکہ کوہلی نے 15 گیندوں پر ایک چوکا اور دو چھکے لگا کر 23 رنز بنائے اور لگاتار دو چھکے مار کر ٹیم کو جیت دلائی۔
اس سے قبل آر سی بی کے گیندبازوں نے دہلی کیپیٹلز کو صرف 75 رنز پر ڈھیر کر دیا، جو اس سیزن کا کم ترین اسکور رہا۔ دہلی کی شروعات انتہائی خراب رہی اور اس نے صرف 8 رنز پر 6 وکٹیں گنوا دیں۔ ساہل پرکھ، کے ایل راہل، نتیش رانا، سمیر رضوی، ٹرسٹن اسٹبس اور کپتان اکشر پٹیل جلد آؤٹ ہو گئے۔
بعد میں ابھیشیک پورل اور ڈیوڈ ملر نے اننگز سنبھالنے کی کوشش کی، لیکن نویں اوور میں راسخ سلام نے ملر (19) کو آؤٹ کر دیا۔ خراب موسم کی وجہ سے میچ کچھ دیر کے لیے روکنا بھی پڑا۔
آخرکار ابھیشیک پورل (30) کے آؤٹ ہونے کے ساتھ ہی دہلی کی پوری ٹیم 75 رنز پر سمٹ گئی۔ آر سی بی کی جانب سے جوش ہیزل ووڈ اور بھونیشور کمار نے تین تین وکٹیں حاصل کیں، جبکہ رسیکھ سلام، سُویش شرما اور کرنال پانڈیا نے ایک ایک وکٹ لی۔
