اکشر پٹیل نے میچ کے بعد پریزنٹیشن میں کہا، ’’وکٹ کو دیکھتے ہوئے اگر آپ اپنے گیندبازوں کا ساتھ نہیں دیتے اور مسلسل مواقع ضائع کرتے ہیں تو ہم واقعی شکست کے مستحق تھے۔ یہی اصل نکتہ ہے۔ یہ اچھی وکٹ اور چھوٹا گراؤنڈ تھا، اس لیے چھکے لگنا فطری بات تھی۔ لیکن جب مواقع ملیں اور آپ اس کا فائدہ نہ اٹھائیں تو نتیجہ یہی نکلتا ہے، جیسا آج ہمارے ساتھ ہوا۔‘‘
انہوں نے مزید کہا، ’’ہمیں اپنی بولنگ یونٹ پر بھی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ پاور پلے میں ہماری گیندبازی، فاسٹ بولرز کی کارکردگی، فیلڈنگ اور ضائع کیے گئے مواقع یہ سب شکست کی بڑی وجوہات بنے۔ ایسی وکٹ پر 264 رن ایک بہت اچھا اسکور تھا۔ مثبت پہلو یہ ہے کہ ہم نے ریکارڈ اسکور بنایا، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ اگر قسمت ساتھ دے اور کیچز پکڑے جائیں تو ہم مسلسل دو یا تین میچ جیت سکتے ہیں۔ ہم نے کئی قریبی میچ ہارے ہیں۔‘‘
اکشر نے کہا، ’’میں نے ٹاس کے وقت بھی کہا تھا کہ اگر ہم اہم مواقع سے فائدہ اٹھائیں تو نتائج ہمارے حق میں آ سکتے ہیں۔ لیکن ضروری ہے کہ آپ ان مواقع کو ضائع نہ کریں۔ ہر بار ایک جیسی غلطیاں دہرانا درست نہیں۔ ہمیں واپس جا کر اپنی کارکردگی کا جائزہ لینا ہوگا اور دیکھنا ہوگا کہ کہاں بہتری کی ضرورت ہے۔‘‘
