وزیر اعظم اس ادارے کے بربنائےعہدہ چیئرمین ہوتے ہیں۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے ادارے کی تشکیل نو پر نئے وائس چیئرمین اور ان کی ٹیم کو مبارکباد دی ہے۔ مسٹر مودی نے ہفتہ کو سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں کہا، "نیتی آیوگ ہندوستان کے پالیسی سازی کے ڈھانچے کا ایک اہم ستون بن کر ابھرا ہے، جو تعاون پر مبنی وفاقیت کو فروغ دینے، اصلاحات کو آگے بڑھانے اور زندگی کی آسانی کو بڑھانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ یہ مختلف شعبوں میں اختراع اور طویل مدتی اسٹریٹجک سوچ کے لیے ایک متحرک پلیٹ فارم کے طور پر کام کرتا ہے۔"
مسٹر مودی نے پوسٹ میں کہا، "حکومت نے نیتی آیوگ کی تشکیل نو کی ہے۔ مسٹر اشوک کمار لاہڑی جی کو وائس چیئرمین بننے پر میری دلی مبارکباد۔ ساتھ ہی، مسٹر راجیو گوبا جی، پروفیسر کے وی راجو جی، پروفیسر گوبردھن داس جی، پروفیسر ابھے کرندیکر جی اور ڈاکٹر ایم سری نواس جی کو نیتی آیوگ کے کل وقتی رکن بننے پر میری دلی مبارکباد۔ ان تمام حضرات کو ان کی کامیاب اور بااثر مدت کار کے لیے نیک خواہشات۔" ڈاکٹر لاہڑی نیتی آیوگ کے وائس چیئرمین کے عہدے پر معروف ماہر اقتصادیات ڈاکٹر سمن بیری کی جگہ لے رہے ہیں جو 2 مئی 2021 سے اس عہدے پر فائز تھے۔ وہ 15ویں مالیاتی کمیشن کے رکن بھی ہیں۔
ڈاکٹر لاہڑی سال 2002 سے 2004 تک واجپئی حکومت میں اور 2004 سے 2007 تک منموہن حکومت کے دور میں چیف اقتصادی مشیر رہ چکے ہیں۔ انہوں نے پریزیڈنسی یونیورسٹی کولکتہ سے گریجویشن اور پوسٹ گریجویشن کی ڈگریاں اور دہلی اسکول آف اکنامکس سے معاشیات میں ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کی ہے جہاں وہ تدریس کے فرائض بھی انجام دے چکے ہیں۔ انہیں سرکاری اور نجی شعبے میں کام کرنے کا وسیع تجربہ ہے اور وہ ایشیائی ترقیاتی بینک، بین الاقوامی مالیاتی فنڈ اور ورلڈ بینک میں بھی کام کر چکے ہیں۔ ہندوستان کے معاشی مستقبل کو سنوارنے میں ان کا تجربہ انتہائی اہم ثابت ہوگا۔
