Masarrat
Masarrat Urdu

ایران کے ساتھ بات چیت کا دوسرا دور منگل کو اسلام آباد میں ہوگا: امریکی صدر

  • 19 Apr 2026
  • مسرت ڈیسک
  • دنیا
Thumb

نیویارک،19 اپریل (مسرت ڈاٹ کام) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تصدیق کی ہے کہ ایران کے ساتھ مذاکرات کے لیے ان کی ٹیم کل اسلام آباد پہنچ رہی ہے۔ ایران کے ساتھ بات چیت کا دوسرا دور منگل کو اسلام آباد میں ہوگا۔ ہوسکتا ہے پاکستان جاؤں لیکن ابھی اس معاملے میں جلدی نہیں۔

ایک پیغام میں امریکی صدر نے کہا کہ میرے نمائندے مذاکرات کے لیے اسلام آباد جا رہے ہیں جو کل شام تک وہاں ہوں گے۔ ہم ایران کو ایک منصفانہ اور قابلِ قبول پیشکش دے رہے ہیں، امید کرتے ہیں وہ ہماری تجاویز قبول کرے گا۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے لکھا کہ اگر معاہدہ نہ ہوا تو ہم تمام بجلی گھروں اور پلوں کو تباہ کر دیں گے، اگر ایران نے معاہدہ قبول نہ کیا تو انہیں ہتھیار ڈالنے پر مجبور کیا جائے گا، اب وقت آ گیا ہے ایران کی لڑائی ختم کی جائے۔

امریکی صدر نے کہا کہ ڈیل نہ ہوئی تو وہ کام کروں گا جو 47 سال میں کسی صدر نے نہیں کیا، اب کوئی نرمی نہیں برتی جائے گی۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید لکھا کہ ایران نے آبنائے ہرمز بند کرنے کا فیصلہ کیا جو عجیب بات ہے، امریکا کو کسی قسم کا کوئی نقصان نہیں ہورہا ہے، یہ سب ایرانی پاسداران انقلاب کی وجہ سے ہورہا ہے، ہماری ناکہ بندی کی وجہ سے ہرمز پہلے ہی بند ہے، بندرگاہ بند ہونے سے ایران کو 500 ملین کا نقصان ہورہا ہے۔ ایران کی کلنگ مشین کے خاتمے کا وقت اب آگیا ہے۔ امریکی صدر نے مزید کہا کہ آبنائے ہرمز بند کرکے ایران ہماری مدد کررہاہے لیکن اسے اس کا علم نہیں، آبنائے ہرمز بند ہونے کی وجہ سے ایران کا روزانہ 500 ملین ڈالرکانقصان ہورہا ہے جبکہ امریکا کا کوئی نقصان نہیں ہو رہا۔صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران کے ساتھ ایک یا دو دن میں معاہدہ طے پانے کا امکان ہے۔

ٹرمپ کے مطابق یہ ممکنہ معاہدہ نہ صرف خطے میں کشیدگی کم کرے گا بلکہ اسرائیل کی سیکیورٹی کو بھی یقینی بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔

امریکی صدر نے لبنان کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ لبنان میں اسرائیلی حملے جنگ بندی کے حصے کے طور پر فوری بند ہوں۔ انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ اسرائیل کو اپنی کارروائیاں روکنا ہوں گی۔

قبل ازیں اے بی سی نیوز سے ٹیلی فونک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ ایران نے جنگ بندی کی سنگین خلاف ورزی کی ہے، ہمیں یقین ہے ہم ایک معاہدے تک پہنچنے کے قریب ہیں، ایران کے ساتھ معاہدہ کسی نہ کسی طریقے سے، دوستانہ یا مشکل طریقے سے ہوگا۔

نیویارک پوسٹ سے گفتگو میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایران کے ساتھ مذاکرات کا اگلا دور منگل کو اسلام آباد میں ہوگا، اسٹیو وٹکوف اور جیراڈ کشنر اسلام آباد مذاکرات میں شامل ہوں گے، جے ڈی وینس نے پہلے مذاکرات کی قیادت کی تھی، اس بار شریک نہیں ہوں گے۔ جبکہ وائٹ ہاؤس عہدیدار کا کہنا ہے کہ ایران سے مذاکرات کیلئے امریکی نائب صدر جے ڈی وینس پاکستان جائیں گے، اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر بھی پاکستان جائیں گے۔

 

Ads