Masarrat
Masarrat Urdu

شان مسعود ٹیسٹ کپتان برقرار، سرفراز احمد کو ہیڈ کوچ بنانے پر غور

Thumb

لاہور، 15 اپریل (مسرت ڈاٹ کام) پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹیسٹ ٹیم کی قیادت برقرار رکھنے کا فیصلہ کرتے ہوئے شان مسعود کو کپتان برقرار رکھا ہے جبکہ سابق کپتان سرفراز احمد کو ہیڈ کوچ بنانے پر غور جاری ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ ٹیم میں تسلسل برقرار رکھنے کے حق میں ہے اور اسی پالیسی کے تحت شان مسعود کو ٹیسٹ ٹیم کی قیادت جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق سابق کپتان سرفراز احمد کو ریڈ بال ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کیے جانے کا امکان ہے، جس کے بعد وہ پہلی بار ٹیم کی کوچنگ کی ذمہ داریاں سنبھال سکتے ہیں۔

رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ اس فیصلے کا مقصد ٹیم مینجمنٹ اور کپتان کے درمیان بہتر ہم آہنگی پیدا کرنا ہے تاکہ ٹیسٹ فارمیٹ میں پاکستان ٹیم کی کارکردگی کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ موجودہ ہیڈ کوچ اظہر محمود کی جگہ سرفراز احمد ذمہ داریاں سنبھال سکتے ہیں، جبکہ وہ بطور سلیکٹر اپنی ذمہ داریاں بھی جاری رکھیں گے۔

پاکستان ٹیم کو آئندہ بنگلہ دیش، ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے خلاف اہم ٹیسٹ سیریز کھیلنا ہیں، جن کے پیش نظر ٹیم کی تیاریوں اور انتظامی ڈھانچے میں بہتری لانے پر توجہ دی جا رہی ہے۔

 

 

Ads