Masarrat
Masarrat Urdu

گوئل نے سعودی عرب کے وزیر تجارت سے بات کی، سپلائی چین برقرار رکھنے پر زور

Thumb

نئی دہلی، 11 اپریل (مسرت ڈاٹ کام) وزیر تجارت و صنعت پیوش گوئل نے سعودی عرب کے وزیر تجارت ماجد بن عبداللہ القاسبی سے ورچوئل طور پر بات چیت کی اور مغربی ایشیا کے بحران کے دوران سپلائی چین کو برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔

وزارت تجارت و صنعت نے ہفتہ کو بتایا کہ دونوں فریقوں نے تنازع کی وجہ سے علاقائی سپلائی چینز پر پڑنے والے دباؤ کو تسلیم کیا اور تجارت کے ہموار بہاؤ کو یقینی بنانے کے لیے مشترکہ کوششوں اور جلد بہتری کی ضرورت پر زور دیا۔

مسٹر گوئل نے سعودی عرب اور خلیجی خطے میں برآمدات کی حمایت کے لیے ہندوستان کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کا بھی ذکر کیا۔

دونوں وزراء نے دوطرفہ تجارت کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا اور ہندوستان-جی سی سی آزاد تجارتی معاہدے (ایف ٹی اے) پر جاری مذاکرات میں جلد پیش رفت کی امید ظاہر کی۔

مسٹر گوئل نے امید ظاہر کی کہ حال ہی میں اعلان کردہ جنگ بندی خطے میں مستقل امن اور سلامتی کی راہ ہموار کرے گی۔ انہوں نے حالیہ تنازع کے دوران سعودی عرب میں ہونے والے حملوں کی مذمت کی اور وہاں موجود ہندوستانی برادری کی حفاظت کے لیے سعودی حکومت کی کوششوں کو سراہا۔

اس ملاقات میں ہندوستان اور سعودی عرب کے درمیان اقتصادی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے مشترکہ عزم پر بھی زور دیا گیا۔

اس سے قبل مسٹر گوئل نے خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) کے سیکریٹری جنرل اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای)، کویت اور بحرین کے اپنے ہم منصبوں کے ساتھ بھی الگ الگ ورچوئل ملاقاتیں کی تھیں۔

ان تمام ملاقاتوں میں انہوں نے مغربی ایشیا میں جلد مستقل امن کے قیام کی خواہش ظاہر کی، سپلائی چین میں درپیش رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے تعاون کا یقین دلایا اور تجارت کو جلد از جلد معمول پر لانے کی ضرورت پر زور دیا۔

 

Ads