نئی دہلی/فاربس گنج، 7دسمبر (مسرت نیوز) خدمت خلق اور ضرورت مندوں کی خبر گیری کی افادیت پر زور دیتے ہوئے نیو کریڈیبل پبلک اسکول رامپور،کے ڈاریکٹر مولانا آس محمد مظاہری نے کہاکہ معاشرتی طور پر اہل وطن سے دور ی کی وجہ مسلمانوں کی خدمت خلق سے دوری ہے اورخدمت خلق سے وہ اپنا کھویا ہوا وقار حاصل کرسکتے ہیں۔انہوں نے یہ بات جامعہ ایجوکیشنل اینڈ ویلفیئر ٹرسٹ کے زیر اہتمام شاہد اینڈ رضیہ فاونڈیشن کی طرف سے غریبوں میں راشن کٹ کی تقسیم کے موقع پر کہی۔
انہوں نے کہاکہ غیروں کے دلوں میں جگہ بنانے کے لئے خدمت خلق سے بہتر کوئی چیز نہیں ہے اور مسلمانوں کی شناخت خدمت خلق کے طور پر رہی ہے اور وہ ان پر دشمن پڑوسی کی خبر گیری کرنے پر زور دیا گیا ہے۔ مسلمان فلاحی کاموں میں اتنے آگے نہیں ہیں جتنا انہیں رہنا چاہئے اور وہ غیروں کی طرح اپنے آپ میں سمٹتے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم اپنے پڑوسی، آس پاس کے رہنے والوں کی خبر گیری کریں وہ کس حال میں ہیں۔
جامعہ ایجوکیشنل اینڈ ویلفیئر ٹرسٹ کے چیئر مین محمد عمر حسین نے کہاکہ ضرورت مندوں کو راشن کٹ فراہم کرنامسئلہ کا حل نہیں ہے اور ضرورت اس بات کی ہے جہاں تک ممکن ہوسکے ایسے لوگوں کو اپنے پیروں پر کھڑا کیا جاسکے۔ شاہد اینڈ رضیہ فاونڈیشن کے تعاون اس سلسلے میں غور کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ جتنے خاندان کو ہم راشن دے رہے ہیں شاہد اینڈ رضیہ فاؤنڈیشن نے فیصلہ کیا ہے کہ اتنے ہی خاندان کو لحاف بکس کے ساتھ دیا جائے گا۔
مسٹر عمر جو جامعہ خیرالنساء کے نام سے یتیم خانہ بھی چلاتے ہیں جہاں ضرورت مندبچیوں کی مفت تعلیم و تربیت کاانتظام ہے، نے شاہد اینڈ رضیہ فاؤنڈیشن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ اس کے تعاون کے بغیر یہ کام ممکن نہیں تھا۔ انہوں نے کہاکہ خدمت خلق کے جذبے سے یہ کام کیا جارہا ہے۔ اس کام کو بڑے پیمانے پر کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے 56خاندان کو ہر ماہ راشن کٹ دئے جاتے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ اس کے علاوہ شاہد اینڈ رضیہ فاؤنڈیشن کے تعاون سے یہاں ایک سلائی سنٹر بھی چلایا جارہا ہے جہاں ایک شفٹ میں دس بچیاں سلائی سیکھتی ہیں۔ اس کا مقصد بچیوں کو اپنے پیروں پر کھڑا کرنا ہے۔
اس موقع پر مفتی شکیل احمد قاسمی،صحافی عابد انور دہلی،، مفتی عبدالرشید قاسمی مؤسس جامعۃ الصالحات، ننکار، مولانا غیاث الدین نعمانی ناظم مدرسہ اصلاح المسلمین رام پور، مولانا اخلاق الرحمان ندوی (دوبئی) شاہجہاں شاد چیرمین الفلاح سوسل اینڈ ایجوکیشنل ٹرسٹ، مفتی محمد یعقوب ندوی چیر مین سمیہ ایجوکیشنل اینڈ ویلفیئر ٹرسٹ،مولانا زیشان ندوی، محمد خورشید، محمد قیصر خالد،محمد کلام مولانا جمال صاحب ندوی موجود تھے۔