Masarrat
Masarrat Urdu

ویبھَو سوریہ ونشی کا طوفانی نصف سنچری، راجستھان رائلز نے چنئی سپر کنگز پر بڑی فتح حاصل کی

Thumb

گواہاٹی، 30 مارچ (مسرت ڈاٹ کام) گیند بازوں کی شاندار کارکردگی کے بعد ویبھَو سوریہ ونشی (52) اور یشسوی جیسوال (ناٹ آؤٹ 38) کی اننگز کی بدولت راجستھان رائلز (آر آر) نے پیر کو انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2026 کے تیسرے مقابلے میں چنئی سپر کنگز (سی ایس کے) کو 47 گیندیں باقی رہتے ہوئے آٹھ وکٹ سے شکست دے دی۔ 26 رن دے کر دو وکٹ لینے والے ناندرے برگر کو ’پلیئر آف دی میچ‘ قرار دیا گیا۔

ویبھَو سوریہ ونشی اور یشسوی جیسوال کی اوپننگ جوڑی نے 128 رن کے ہدف کو دھواں دھار بیٹنگ سے محض 6.2 اوور میں 75 رن بنا کر آسان کر دیا۔ اس دوران ویبھَو نے صرف 15 گیندوں پر چار چوکے اور پانچ چھکوں کی مدد سے نصف سنچری مکمل کی۔ انہوں نے 17 گیندوں پر 52 رن بنائے۔ بعد میں انشول کامبوج نے انہیں آؤٹ کیا اور دھروو جُریل کو بولڈ کر کے دوسرا وکٹ حاصل کیا۔ دھروو نے 9 گیندوں پر 18 رن بنائے۔ آخرکار آر آر نے 12.1 اوور میں دو وکٹ پر 128 رن بنا کر میچ آٹھ وکٹ سے جیت لیا۔ یشسوی جیسوال نے 36 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 38 رن بنائے جبکہ ریان پراگ نے 11 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 14 رن جوڑے۔

اس سے پہلے آر آر کے گیند بازوں نے پہلے بیٹنگ کرنے والی چنئی سپر کنگز کو 19.4 اوور میں 127 رن پر ڈھیر کر دیا۔ راجستھان نے ٹاس جیت کر گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ چنئی نے محض 19 رن پر تین وکٹ گنوا دیے۔ کپتان رُتُوراج گائیکواڑ اور سنجو سیمسن چھ چھ رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ آیوش مہاترے صفر پر آؤٹ ہوئے۔ بعد میں میتھیو شاٹ پانچ رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔

سر فراز خان (17) اور کارتک شرما (18) نے کچھ مزاحمت کی، لیکن رویندر جڈیجہ اور برجیش شرما نے انہیں بھی پویلین بھیج دیا۔ شِوَم دوبے چھ رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ نُور احمد ایک رن پر آؤٹ ہوئے۔ میٹ ہینری پانچ رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ آخر میں جیمی اوورٹن 43 رن بنا کر رن آؤٹ ہوئے اور چنئی کی اننگز 127 رن پر سمٹ گئی۔

راجستھان کے لیے جوفرا آرچر، ناندرے برگر اور رویندر جڈیجہ نے دو دو وکٹ لیے، جبکہ برجیش شرما اور کارتک شرما نے ایک ایک وکٹ حاصل کیا۔

 

Ads