Masarrat
Masarrat Urdu

خامنہ ای اپنے بیٹے کو ایران کی قیادت سونپنے کے حق میں نہیں تھے: امریکی انٹیلی جنس

  • 16 Mar 2026
  • مسرت ڈیسک
  • دنیا
Thumb

دوبئی، 16 مارچ (مسرت ڈاٹ کام) ذرائع نے ’’ سی بی ایس نیوز ‘‘ کو بتایا ہے کہ امریکی انٹیلی جنس اداروں نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کے قریبی معاونین کو ایسی رپورٹس سے آگاہ کیا ہے جن کے مطابق ایران کے مرحوم سپریم لیڈر علی خامنہ ای اپنے بیٹے مجتبیٰ خامنہ ای کو اس عہدے پر فائز کرنے کے حوالے سے تحفظات رکھتے تھے۔

انٹیلی جنس تجزیوں کے مطابق علی خامنہ ای اپنے بیٹے کے اقتدار میں آنے پر فکر مند تھے کیونکہ بعض حلقوں میں مجتبیٰ کو کم صلاحیتوں کا حامل اور ملک کی قیادت کے لیے نااہل سمجھا جاتا تھا۔ جمع کی گئی معلومات سے یہ بھی پتہ چلتا ہے کہ سابق ایرانی سپریم لیڈر اپنے بیٹے کی ذاتی زندگی کے مسائل سے بھی آگاہ تھے۔

یہ رپورٹس اس وقت سامنے آئی ہیں جب ایران میں علما کی ایک کونسل نے 56 سالہ مجتبیٰ خامنہ ای کو نیا سپریم لیڈر منتخب کر لیا ہے۔ واضح رہے علی خامنہ ای تقریباً آٹھ دن قبل امریکہ، اسرائیل اور ایران کے درمیان شروع ہونے والی جنگ کی ابتدائی اسرائیلی میزائل بمباری میں مارے گئے تھے۔ اطلاعات ہیں کہ مجتبیٰ خامنہ ای بھی اس حملے میں زخمی ہوئے تھے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے نجی گفتگو میں کہا ہے کہ وہ ان معلومات کی اہمیت کے بارے میں پراعتماد نہیں ہیں کیونکہ ان کے نزدیک ایران اس وقت کسی واضح قیادت کے بغیر ہے۔ یہ بھی ممکن ہے کہ مجتبیٰ خامنہ ای اپنے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے ہوں۔ وائٹ ہاؤس کا خیال ہے کہ ایران کی اصل قیادت اب پاسدارانِ انقلاب کے ہاتھ میں چلی گئی ہے ۔ یہ 1979 کے انقلاب کے بعد سے قائم مذہبی نظام میں ایک بڑی تبدیلی ہے۔

ٹرمپ نے ’’ فاکس نیوز ‘‘ کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ علی خامنہ ای اپنے بیٹے پر بھروسہ نہیں کرتے تھے اور موجودہ قیادت ایک ایسے شخص کے ہاتھ میں ہے جسے اس کا باپ خود نہیں چاہتا تھا۔ انہوں نے مجتبیٰ کو کمزور شخص قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ ایران کے لیے ناقابل قبول لیڈر ہوں گے۔

امریکی حکومت نے مجتبیٰ خامنہ ای اور نو دیگر ایرانی حکام کی نشاندہی کے لیے ایک کروڑ ڈالر تک کے انعام کا اعلان کردیا ہے۔ مجتبیٰ خامنہ ای کا انتخاب اس لیے بھی اہمیت رکھتا ہے کیونکہ ایرانی انقلاب نے موروثی بادشاہت کا خاتمہ کیا تھا اور اب پھر یہ اہم عہدہ باپ سے بیٹے کو منتقل ہوگیا ہے۔ امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ نے کہا ہے کہ مجتبیٰ زخمی ہیں اور غالباً ان کا چہرہ بگڑ چکا ہے۔

 

Ads