چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار نے اتوار کو یہاں ایک خصوصی پریس کانفرنس میں اسمبلی انتخابات کے پروگرام کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ آسام کی 126 نشستوں، کیرالہ کی 140 اور پڈوچیری کی 30 نشستوں کے لیے ایک مرحلے میں 9 اپریل کو انتخابات ہوں گے۔ تمل ناڈو کی 234 نشستوں پر ووٹنگ ایک مرحلے میں 23 اپریل کو ہوگی۔
مغربی بنگال میں انتخابات دو مرحلوں میں 23 اور 29 اپریل کو ہوں گے۔ ریاست کی کل 294 نشستوں میں سے پہلے مرحلے میں 152 اور دوسرے مرحلے میں 142 نشستوں کے لیے ووٹنگ ہوگی۔
ان تمام ریاستوں اور پڈوچیری اسمبلی انتخابات کی ووٹوں کی گنتی 4 مئی کو کی جائے گی۔ انتخابات کے اعلان کے ساتھ ہی ان ریاستوں میں انتخابی ضابطۂ اخلاق نافذ ہو گیا ہے۔
مسٹر کمار نے بتایا کہ چار ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام خطے میں 17.4 کروڑ ووٹروں کے لیے تقریباً 2.19 لاکھ پولنگ مراکز قائم کیے جا رہے ہیں۔ آزاد اور منصفانہ انتخابات کے لیے کمیشن نے تقریباً 25 لاکھ انتخابی اہلکاروں کو تعینات کرنے کا اعلان کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ انتخابی پروگرام کا اعلان کمیشن نے ان ریاستوں کا دورہ کرنے اور وہاں کی تمام بڑی سیاسی جماعتوں، ریاستی انتظامیہ اور پولیس حکام کے ساتھ تفصیلی مشاورت کے بعد کیا ہے۔ پریس کانفرنس میں الیکشن کمشنر ڈاکٹر ایس ایس سندھو اور وویک جوشی بھی موجود تھے۔
مسٹر کمار نے کہاکہ "کمیشن ہر ووٹر کا پولنگ مرکز پر خیرمقدم کرنے کے لیے تیار ہے۔ ہم خاص طور پر پہلی بار ووٹ ڈالنے والے اور نوجوان ووٹروں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اپنے حقِ رائے دہی کو جوش، خود اعتمادی اور شعور کے ساتھ استعمال کریں اور جمہوریت میں اپنی ذمہ داری نبھائیں۔"
