افغانستان کے خلاف پاکستان کے حملوں پر میڈیا کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے، وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے ہفتے کے روز کہا، "ہندوستان پاکستان کی طرف سے افغان سرزمین پر کیے جانے والے فضائی حملوں کی سخت مذمت کرتا ہے، جس کے نتیجے میں بہت سارے شہریوں کی موت ہوئی ہے اور شہری بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچا ہے۔"
انہوں نے اسے افغانستان کے خلاف پاکستان کا معاندانہ رویہ اور جارحانہ اقدام قرار دیا۔ انہوں نے کہا، "یہ پاکستانی حکومت کی طرف سے ایک جارحانہ اقدام ہے، جو کہ خودمختار افغانستان کے خیال کے خلاف ہے۔ ہندوستان نے اس بات کا اعادہ کیا کہ افغانستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا مکمل احترام کیا جانا چاہیے۔"
واضح رہے کہ پاکستان نے گزشتہ رات افغانستان میں بڑا حملہ کیا۔ جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے، پاکستان نے افغان سرحد سے متصل ضلع برمل میں سات اہداف پر ڈرون کے ذریعہ فضائی حملے کیے، جس کے نتیجے میں عام شہریوں کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں۔
