Masarrat
Masarrat Urdu

ٹی 20 ورلڈ کپ پر ہندوستان کی حکمرانی،تیسری بار چیمپئن، نیوزی لینڈ کو فائنل میں 96 رنز سے شکست

Thumb

احمد آباد، ،8 مارچ (مسرت ڈاٹ کام)سنجو سیمسن (89)، ایشان کشن (54) اور ابھیشیک شرما (52) کی دھواں دھار بیٹنگ کے بعد جسپریت بمراہ (4 وکٹیں) اور اکشر پٹیل (3 وکٹیں) کی تباہ کن بولنگ کی بدولت ہندوستان نے اتوار کو فائنل میں نیوزی لینڈ کو 96 رنز سے ہرا کر تیسری بار ٹی 20 ورلڈ کپ کا تاج اپنے سر سجا لیا ہے۔ ہندوستان اب دنیا کی پہلی ٹیم بن گئی ہے جس نے لگاتار دو بار یہ اعزاز حاصل کیا ہے۔

256 رنز کے پہاڑ جیسے ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم شروع سے ہی دباؤ کا شکار رہی اور پوری ٹیم 159 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔سنجو سیمسن 'پلیئر آف دی ٹورنامنٹ' اور جسپریت بمراہ 'پلیئر آف دی میچ' قرار پائے۔

اکشر پٹیل نے تیسرے اوور میں فن ایلن (9) کو آؤٹ کر کے پہلی کامیابی دلائی۔ اگلے ہی اوور میں جسپریت بمراہ نے رچن رویندر (1) کو پویلین بھیج دیا۔ اکشر پٹیل نے گلین فلپس (5) کو بولڈ کیا، جبکہ ہاردک پانڈیا نے مارک چیپمین (3) کی وکٹ لی۔

کیوی اوپنر ٹم سائفرٹ نے 26 گیندوں پر 52 رنز (2 چوکے، 5 چھکے) بنا کر کچھ مزاحمت کی، لیکن ورون چکرورتی نے انہیں آؤٹ کر کے نیوزی لینڈ کی آخری امید بھی ختم کر دی۔

جسپریت بمراہ نے 4 وکٹیں حاصل کیں اور اس کے ساتھ ہی وہ ٹی 20 ورلڈ کپ کی تاریخ میں سب سے زیادہ 40 وکٹیں لینے والے بولر بن گئے ہیں۔

اس سے قبل، ٹاس ہار کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ہندوستان نے مقررہ 20 اوورز میں 255/5 کا ریکارڈ اسکور بنایا۔ ابھیشیک شرما (52 رنز، 21 گیندیں) اور سنجو سیمسن نے صرف 7.1 اوورز میں 98 رنز کی شراکت قائم کی۔ سیمسن نے 46 گیندوں پر 89 رنز (5 چوکے، 8 چھکے) کی اننگز کھیلی۔

ایشان کشن نے 25 گیندوں پر 54 رنز بنا کر اسکور بورڈ کو متحرک رکھا۔ آخری اوورز میں شیوم دوبے نے جیمی نیشم کے ایک ہی اوور میں 24 رنز سمیٹ کر ٹیم کا اسکور 250 کے پار پہنچا دیا۔ انہوں نے 8 گیندوں پر 28 رنز بنائے۔

ایک وقت پر ایسا محسوس ہو رہا تھا کہ ہندوستان بلے باز آج 300 رنز کا جادوئی ہندسہ عبور کر لیں گے، جو ٹی 20 کرکٹ میں ایک غیر معمولی کارنامہ ہوتا۔ 16 ویں اوور میں جیمی نیشم نے نقشہ بدل دیا۔ انہوں نے ایک ہی اوور میں 3 وکٹیں حاصل کر کے ہندوستان کی رنز بنانے کی رفتار کو بریک لگا دی۔ آخری اوورز میں جب ایسا لگ رہا تھا کہ مومینٹم ختم ہو گیا ہے، شیوم دوبے نے اپنی طاقتور ہٹنگ سے ٹیم کو سنبھالا اور ڈیتھ اوورز میں رنز کی برسات کر کے اسکور کو ایک بار پھر بلندیوں تک پہنچا دیا۔

ابھیشیک نے محض 18 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کی، جو ٹی 20 ورلڈ کپ کے کسی بھی ناک آؤٹ میچ (سیمی فائنل یا فائنل) میں تیز ترین ففٹی ہے۔ انہوں نے 21 گیندوں پر 52 رنز بنائے۔

 

سنجو سیمسن نے 89 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ وہ شاہد آفریدی (2009) اور ویراٹ کوہلی (2014) کے بعد دنیا کے تیسرے کھلاڑی بن گئے ہیں جنہوں نے ایک ہی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل اور فائنل دونوں میں نصف سنچریاں اسکور کیں۔

ہندوستان نے پہلے 6 اوورز میں بغیر کسی نقصان کے 92 رنز بنائے، جو فائنل جیسے بڑے میچ میں ایک ریکارڈ ہے۔ ایشان کشن نے بھی بہتی گنگا میں ہاتھ دھوئے اور صرف 23 گیندوں پر 54 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔ جیمی نیشم نے 16 ویں اوور میں سیمسن، ایشان کشن اور کپتان سوریا کمار یادو (صفر) کو آؤٹ کر کے ہیٹ ٹرک کے قریب پہنچ گئے تھے، لیکن شیوم دوبے (26 ناٹ آؤٹ) نے آخری اوورز میں ہندوستان کو 250 کے پار پہنچا دیا۔

کچھ حیران کن ریکارڈز:

ہندوستان عالمی کرکٹ کی پہلی ٹیم بن گئی ہے جس نے لگاتار دو ٹی 20 میچوں میں 250 سے زائد رنز بنائے۔

ہندوستان نے اپنے ہی پچھلے ریکارڈ (176 رنز) کو توڑ کر ٹی 20 ورلڈ کپ فائنل کا سب سے بڑا اسکور (255) بنایا۔

ہندوستان ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کو پیچھے چھوڑتے ہوئے تین خطاب جیتنے والی واحد ٹیم بن گئی ہے۔

 

Ads