رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ دبئی کے علاقے البرشاء میں پیش آیا جہاں ایران کی جانب سے داغے گئے ایک میزائل کو فضا میں تباہ کرنے کی کوشش کی گئی تاہم اس کے ملبے کے گرنے سے جانی نقصان ہوا۔
دبئی کے حکام کے مطابق میزائل کا ملبہ گرنے کے باعث دو پاکستانی شہری جان کی بازی ہار گئے جبکہ اس واقعے میں کچھ دیگر افراد زخمی بھی ہوئے جن میں نیپالی شہری شامل ہیں۔
اطلاعات کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں سے ایک پاکستانی شہری 28 فروری کو پیش آنے والے واقعے میں مارا گیا تھا جب امریکی تنصیبات کو بچانے کے لیے ایرانی میزائل کو فضا میں نشانہ بنایا گیا تھا۔
متحدہ عرب امارات میں پاکستانی سفارت خانے نے بھی اس واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ دبئی میں پاکستان کے قونصل جنرل مقامی حکام اور متاثرہ خاندانوں کے ساتھ رابطے میں ہیں اور انہیں ہر ممکن سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔
ادھر اسلام آباد میں وزیر اعظم شہباز شریف نے اس واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سانحے میں جاں بحق ہونے والے پاکستانیوں کے اہل خانہ کے غم میں پوری قوم برابر کی شریک ہے۔
یاد رہے کہ ایران اور امریکہ و اسرائیل کے درمیان جاری جنگ کے دوران ایران نے خطے میں امریکی اڈوں اور مفادات کو نشانہ بنانے کا اعلان کیا تھا۔
متحدہ عرب امارات ان خلیجی ممالک میں شامل ہے جہاں امریکی فوجی اڈوں کی موجودگی کے باعث ایرانی حملوں کا خطرہ زیادہ سمجھا جا رہا ہے۔ واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات میں تقریباً 15 لاکھ پاکستانی مقیم ہیں۔
