آخری اوور میں انگلینڈ کو 30 رنوں کی ضرورت تھی اور اس اوور کی پہلی ہی گیند پر اس نے بیتھل کا اہم وکٹ گنوا دیا۔ ہندوستان نے جمعرات کو ٹی-20 ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل کے اس سنسنی خیز مقابلے میں انگلینڈ پر سات رنوں سے جیت درج کرتے ہوئے فائنل میں قدم رکھ دیا ہے۔ اب اتوار کو فائنل میں ہندوستان کا مقابلہ نیوزی لینڈ سے ہوگا۔ سنجو سیمسن کو 'پلیئر آف دی میچ' کا اعزاز دیا گیا۔
254 رنوں کے مشکل ہدف کا تعاقب کرنے اتری انگلینڈ کی شروعات اچھی نہیں رہی اور اس نے 38 کے اسکور پر اپنے دو وکٹ گنوا دیئے۔ فل سالٹ (5) اور کپتان ہیری بروک (7) رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ چھٹے اوور میں ورون چکرورتی نے جوس بٹلر کو آؤٹ کر کے ہندوستان کو تیسری کامیابی دلائی۔ جوس بٹلر نے 17 گیندوں میں چار چوکے اور ایک چھکا لگاتے ہوئے 25 رن بنائے۔ اس کے بعد ٹام بینٹن (17) کو اکشر پٹیل نے بولڈ کیا۔ اس کے بعد ول جیکس نے جیکب بیتھل کے ساتھ پانچویں وکٹ کے لیے دھواں دھار 77 رن جوڑ کر ہندوستان کی تشویش میں اضافہ کردیا۔ 14ویں اوور میں ارشدیپ نے ول جیکس کو آؤٹ کر کے اس شراکت کو توڑا۔ ول جیکس نے 20 گیندوں میں چار چوکے اور دو چھکے لگاتے ہوئے 35 رن بنائے۔ 19ویں اوور کی تیسری گیند پر ہاردک نے سیم کرن (18) کو آؤٹ کر کے ایک بار پھر میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔ آخری اوور میں شیوم دوبے کی پہلی گیند پر جیکب بیتھل کے رن آؤٹ ہونے سے انگلینڈ کی امیدوں کو زوردار دھچکا دیا۔ جیکب بیتھل نے 48 گیندوں میں آٹھ چوکے اور سات چھکے جڑتے ہوئے 105 رنوں کی اننگز کھیلی۔ انگلینڈ کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹ پر 246 رن ہی بنا سکی اور مقابلہ سات رنوں سے ہار گئی۔ جوفرا آرچر نے آخری اوور میں تین چھکے لگاتے ہوئے ناٹ آؤٹ 19 رن بنائے۔ ہندوستان اتوار کو نیوزی لینڈ کے خلاف دوسری بار خطاب جیتنے احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں اترے گا۔
ہندوستان کی جانب سے ہاردک پانڈیا نے دو وکٹ حاصل کئے۔ جسپریت بمراہ، اکشر پٹیل، ورون چکرورتی اور ارشدیپ سنگھ نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔ اس سے قبل سنجو سیمسن (89)، شیوم دوبے (43) اور ایشان کشن (39) کی طوفانی بلے بازی کی بدولت ہندوستان نے جمعرات کو ٹی-20 ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں انگلینڈ کے خلاف سات وکٹ پر 253رن کا بڑا اسکور بنایا۔انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ بلے بازی کے لیے اتری ہندوستانی ٹیم کی شروعات اچھی نہیں رہی اور اس نے دوسرے ہی اوور میں 20 رن کے اسکور پر ابھیشیک شرما (9) کا وکٹ گنوا دیا۔ اس کے بعد بلے بازی کے لیے آئے ایشان کشن نے سنجو سیمسن کے ساتھ اننگز کو سنبھالا اور تیزی کے ساتھ رن بھی بنائے۔ دونوں بلے بازوں کے درمیان دوسرے وکٹ کے لیے 97 رنوں کی شراکت ہوئی۔ 10ویں اوور میں عادل رشید نے ایشان کشن کو آؤٹ کر کے اس شراکت کو توڑا۔ ایشان کشن نے 18 گیندوں میں چار چوکے اور دو چھکے لگاتے ہوئے 39 رن بنائے۔ ہندوستان کا تیسرا وکٹ سنجو سیمسن کی صورت میں 14ویں اوور کی پہلی گیند پر گرا۔ ول جیکس نے انہیں آؤٹ کر کے اپنا دوسرا وکٹ حاصل کیا۔ سنجو سیمسن نے 42 گیندوں میں آٹھ چوکے اور سات چھکے لگاتے ہوئے 89 رنوں کی شاندار اننگز کھیلی۔ 16ویں اوور میں عادل رشید نے سوریا کمار یادو (11) کو اپنا شکار بنایا۔ اٹھارہویں اوور کی چوتھی گیند پر شیوم دوبے رن آؤٹ ہوئے۔ شیوم دوبے نے 25 گیندوں میں ایک چوکا اور چار چھکے لگاتے ہوئے 43 رنوں کی دھواں دھار اننگز کھیلی۔ 19ویں اوور کی پانچویں گیند پر جوفرا آرچر نے چھکوں کی جھڑے لگانے والے تلک ورما کو بولڈ کر کے پویلین بھیج دیا۔ تلک ورما نے سات گیندوں میں تین چھکوں کی مدد سے 21 رن بنائے۔ اننگز کے آخری اوور میں ہاردک پانڈیا رن آؤٹ ہوئے، انہوں نے 12 گیندوں میں تین چوکے اور دو چھکوں کی مدد سے 27 رن بنائے۔ ہندوستان نے مقررہ 20 اوورز میں ناک آؤٹ راؤنڈ کا سب سے بڑا اسکور 7 وکٹ پر 253 رن بنایا۔ انگلینڈ کی جانب سے عادل رشید اور ول جیکس نے دو دو وکٹ حاصل کئے، جبکہ جوفرا آرچر نے ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔
