Masarrat
Masarrat Urdu

مودی حکومت ملک کے اسٹریٹجک اور قومی مفادات کو نظر انداز کر رہی ہے: کھرگے

Thumb

نئی دہلی، 5 مارچ (یواین آئی) کانگریس صدر ملیکارجن کھرگے نے کہا ہے کہ امریکی حملے کی وجہ سے بحر ہند میں ایرانی جہاز کے ڈوبنے پر وزیر اعظم نریندر مودی اور ان کی حکومت کی خاموشی صاف ظاہر کرتی ہے کہ ملک کے اسٹریٹجک اور قومی مفادات کو بری طرح نظرانداز کیا جا رہا ہے۔

جمعرات کو سوشل میڈیا ایکس پر ایک پوسٹ میں مسٹر کھرگے نے کہا کہ ایرانی جہاز ٹارپیڈو کی زد میں آنے کے بعد ڈوب گیا ہے، یہ جہاز فوجی ساز و سامان کے بغیر تھا اور ہندوستان میں منعقدہ انٹرنیشنل فلیٹ ریویو 2026 سے لوٹ رہا تھا۔ ایرانی بحریہ کا جہاز ایرس ڈینا ہندوستان کا مدعو مہمان تھا اور یہ وشاکھاپٹنم میں 15 سے 26 فروری تک منعقدہ بین الاقوامی فلیٹ ریویو 2026 میں شامل ہواتھا۔ اس تقریب میں 70 سے زائد ممالک کی بحریہ نے شرکت کی تھی۔

کانگریس صدر نے کہا کہ حیرت کی بات ہے کہ اس مہمان کے ڈوبنے پر ہندوستان کی طرف سے کوئی تشویش یا افسوس کا اظہار نہیں کیا گیا۔ وزیر اعظم نریندر مودی اس پر خاموش ہیں۔ مسٹر مودی پر حملہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب آپ اپنے ہی آنگن میں ہونے والے واقعات پر ردعمل ظاہر نہیں کر سکتے تو ہمیں سمندری نظریات اور بحر ہند کے خطے میں ہندستان کے 'نیٹ سیکورٹی پروائیڈر' ہونے کے اصولوں پر لیکچر کیوں دے رہے ہیں۔

واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خلیج ہرمز میں 38 ہندوستانی پرچم والے تجارتی جہاز اور 1100 ملاح پھنسے ہوئے ہیں۔ کیپٹن آشیش کمار سمیت دو ہندوستانی سیلرز کی مبینہ طورپر موت ہوچکی ہے۔ میری ٹائم ریسکیو یا ریلیف آپریشن کیوں شروع نہیں کیا جا رہا ہے۔ مسٹر مودی کا دعویٰ ہے کہ خام تیل اور دیگر ایندھن کا ذخیرہ صرف 25 دنوں کے لیے بچا ہے۔ تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے درمیان، ہمارا توانائی سے متعلق ہنگامی منصوبہ کیا ہے، خاص طور پرحکومت ہند کی جانب سے روسی تیل کی درآمدات روکنے کے مطالبات کو تقریباً تسلیم کرنے کے بعد۔ خلیجی ممالک کے ساتھ دیگر اہم اشیاء کی تجارت کا کیا ہوگا؟

انہوں نے حکومت کی خارجہ پالیسی پر بھی سوال اٹھایا اور کہا کہ وزارت خارجہ کے 3 مارچ کے بیان کے مطابق، "کچھ ہندوستانی شہریوں کی جان چلی گئی یا وہ لاپتہ ہیں۔" خلیجی ممالک میں ایک کروڑ ہندستانی رہتے ہیں۔ میڈیکل کے طلباء مدد کی درخواست کرتے ہوئے مایوس ویڈیو پیغام جاری کررہے ہیں۔ حکومت ہند ان کی حفاظت کو کیسے یقینی بنا رہی ہے؟ کیا متاثرہ علاقوں سے لوگوں کو نکالنے کا کوئی منصوبہ بنایا گیا ہے؟

مسٹر کھرگے نے کہا کہ ان سب صورت حال کے درمیان، "واضح طور پر، مودی جی کی خودسپردگی سیاسی اور اخلاقی دونوں ہے۔ یہ ہندوستان کے بنیادی قومی مفادات کو نظر انداز کرتا ہے اور ہماری خارجہ پالیسی کو نقصان پہنچا رہا ہے جسے برسوں سے مسلسل حکومتوں کی جانب سے احتیاط اور محنت سے بنایا اور اپنایا گیا ہے۔"

 

Ads