Masarrat
Masarrat Urdu

ایرانی پاسدارانِ انقلاب کا اسرائیلی وزیراعظم کے دفتر کو ’خیبر‘ میزائلوں سے نشانہ بنانے کا دعویٰ

  • 02 Mar 2026
  • مسرت ڈیسک
  • دنیا
Thumb

تہران،2 مارچ (مسرت ڈاٹ کام) ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو اور اسرائیلی فضائیہ کے دفتر کو ‘خیبر’ میزائلوں سے نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔

فارس نیوز ایجنسی کے مطابق ایران کی پاسدارانِ انقلاب (آئی آر جی سی) نے پیر کے روز اعلان کیا ہے کہ ان کے حالیہ میزائل حملوں میں اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو کے دفتر اور اسرائیلی فضائیہ کے سربراہ کے ہیڈ کوارٹر کو براہِ راست نشانہ بنایا گیا ہے۔

پاسدارانِ انقلاب کے بیان کے مطابق صہیونی حکومت کے مجرم وزیراعظم کے دفتر اور فضائیہ کے کمانڈر کے ہیڈ کوارٹر پر حملے کیے گئے ہیں، بیان میں مزید واضح کیا گیا کہ ان حملوں میں جدید ‘خیبر’ میزائلوں کا استعمال کیا گیا ہے۔

دوسری جانب اسرائیلی فوج (آئی ڈی ایف) نے ایک نئے بیان میں کہا ہے کہ اس نے ایران کے نائب وزیرِ انٹیلیجنس برائے اسرائیلی امور سید یحییٰ حمیدی کو شہید کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

بیان کے مطابق وزارتِ انٹیلیجنس کے جاسوسی ڈویژن کے سربراہ جلال پور حسین بھی مارے گئے ہیں، جبکہ دیگر ’ریجیم اہلکار‘ بھی اس کارروائی میں شہید ہوئے ہیں۔

اسرائیلی افواج نے یہ وضاحت نہیں کی کہ یہ کارروائی کب، کہاں اور کس طریقے سے کی گئی۔ تاہم فوج نے مزید کہا ہے کہ ایران کی وزارتِ انٹیلی جنس کا ہیڈکوارٹر تہران میں کچھ دیر پہلے نشانہ بنایا گیا۔

اس کے علاوہ برطانوی بحری سیکیورٹی ایجنسی کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پیر کے روز بحرین کی ایک بندرگاہ پر کھڑے جہاز کو نامعلوم میزائلوں نے نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں وہاں آگ بھڑک اٹھی۔ یہ واقعہ ایک ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب ایران خلیج میں اپنی انتقامی کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔

یونائیٹڈ کنگڈم میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز کے مطابق انہیں بحرین کی بندرگاہ پر ایک واقعے کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔ کمپنی کے سیکیورٹی آفیسر نے بتایا کہ جہاز کو دو نامعلوم گولوں سے نشانہ بنایا گیا جس سے آگ لگ گئی۔

تاہم خوش قسمتی سے آگ پر قابو پا لیا گیا اور کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ جہاز کے عملے کے تمام ارکان محفوظ ہیں اور انہیں جہاز سے بحفاظت نکال لیا گیا ہے۔

 

Ads