Masarrat
Masarrat Urdu

مودی نے سعودی عرب کے شہزادے اور بحرین کے بادشاہ سے بات کر ان ممالک پر حملوں کی مذمت کی

Thumb

نئی دہلی، 02 مارچ (مسرت ڈاٹ کام) وزیر اعظم نریندر مودی نے سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور بحرین کے بادشاہ حمد بن عیسیٰ الخلیفہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان ان ممالک پر ہونے والے حملوں کی مذمت کرتا ہے اور خطے میں جلد از جلد امن و استحکام کی بحالی کا حامی ہے۔

مسٹر مودی نے دونوں رہنماؤں کے ساتھ ٹیلی فون پر بات چیت کے بعد سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر ایک پوسٹ میں کہا کہ انہوں نے مغربی ایشیا کی بدلتی صورتحال پر تفصیل سے گفتگو کی اور وہاں مقیم ہندوستانی برادری کو دیے گئے تعاون اور دیکھ بھال کے لیے شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہاکہ "مغربی ایشیا کی بدلتی صورتحال پر سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیر اعظم، شہزادہ محمد بن سلمان کے ساتھ بات چیت ہوئی۔ ہندوستان سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی کرتے ہوئے حالیہ حملوں کی سخت مذمت کرتا ہے۔ ہم نے اس بات پر اتفاق کیا کہ خطے میں جلد امن و استحکام کی بحالی نہایت ضروری ہے۔ ان مشکل وقتوں میں ہندوستانی برادری کی فلاح کا خیال رکھنے کے لیے میں نے ان کا شکریہ ادا کیا۔"

بحرین کے بادشاہ کے ساتھ گفتگو کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ "بحرین کے بادشاہ حمد بن عیسیٰ الخلیفہ کے ساتھ ٹیلی فون پر بامعنی بات چیت ہوئی۔ ہندوستان بحرین پر ہوئے حملوں کی مذمت کرتا ہے اور اس مشکل وقت میں اس کے عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔ بحرین میں ہندوستانی برادری کو دیے گئے مسلسل تعاون کے لیے میں نے ان کا شکریہ ادا کیا۔"

قابل ذکر ہے کہ ایران پر امریکہ اور اسرائیل کے مشترکہ حملوں کے جواب میں ایران نے مغربی ایشیائی ممالک میں امریکی اڈوں اور دیگر مقامات پر بیک وقت حملے کیے ہیں۔ گزشتہ تین دن سے جاری ان حملوں کے باعث خطے میں جانی و مالی نقصان ہوا ہے اور صورتحال کشیدہ بنی ہوئی ہے۔ خلیجی ممالک میں بڑی تعداد میں ہندوستانی شہری رہتے ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا ہے کہ حکومت ان کی سلامتی کے لیے ان ممالک کی حکومتوں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔

مسٹر مودی اس سے پہلے اسرائیل کے وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو اور متحدہ عرب امارات کے صدر سے بھی بات کر چکے ہیں۔

 

Ads