Masarrat
Masarrat Urdu

ایران نے امریکہ اور اسرائیل کے خلاف جوابی کارروائی کو ’آپریشن وعدہ صادق 4‘ کا نام دیا

  • 28 Feb 2026
  • مسرت ڈیسک
  • دنیا
Thumb

تہران، 28 اکتوبر (نسرت ڈات کام) ایران نے امریکہ اور اسرائیل کے خلاف جوابی کارروائی کو ’آپریشن وعدہ صادق 4‘ کا نام دیا ہے۔

ایرانی پاسدران انقلاب نے اعلان کیا ہےکہ اس نے خطے میں موجود کئی امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا ہے، جن میں بحرین میں تعینات امریکی بحریہ کا ففتھ فلیٹ بھی شامل ہے۔

ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق ایرانی پاسدران انقلاب کا کہنا ہےکہ اس نے بحرین، قطر اور متحدہ عرب امارات میں موجود امریکی اڈوں کے ساتھ ساتھ مقبوضہ فلسطینی علاقوں (اسرائیل)کے مرکز میں واقع فوجی اڈوں کونشانہ بنایا ہے۔

ایرانی پاسدران انقلاب کا کہنا ہےکہ 'آپریشن وعدہ صادق 4' امریکی فوج اور بچوں کے قاتل صہیونی حکومت کے خلاف کیا جارہا ہے، جس کے تحت جارح دشمن کے علاقائی اہداف پر حملے کیے گئے ہیں۔

ایرانی پاسدران انقلاب نے اس عزم کا اظہار کیا ہےکہ ایران کی مسلح افواج کی جانب سے میزائل اور ڈرون حملے جاری رہیں گے۔

 ایران نے امریکہ اور اسرائیل کے مشترکہ حملوں کے بعد بھرپور جوابی کارروائی کا اعلان کرتے ہوئے اسرائیل کی جانب میزائل داغ دیئے۔

تفصیلات کے مطابق ایران کے میزائل حملوں کے بعد اسرائیل بھر میں سائرن بج اٹھے ہیں، ایران کے میزائل حملوں کے بعد اسرائیل میں شہریوں کو بنکرز میں پناہ لینے کی ہدایت جاری کردی گئی ہے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق اسرائیل کی جانب 30 سے زائد بیلسٹک میزائل داغے جا چکے ہیں، اسرائیل کا دارالحکومت تل ابیب دھماکوں سے گونج اٹھا جبکہ اسرائیل کے شمالی شہر حیفہ میں بھی دھماکے سنے گئے۔

اسرائیلی فوج نے لوگوں کو فوری طور پر پناہ گاہوں میں جانے کی ہدایت کردی ہے، اسرائیلی فوج نے لوگوں کو ایرانی میزائل کی ویڈیوز بنانے سے روک دیا ہے۔

ایرانی پارلیمنٹ کے قومی سلامتی کمیشن کے سربراہ ابراہیم عزیزی نے اسرائیل اور امریکہ کے حملوں پر سخت ردِعمل ظاہرکرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اب صورتحال ان کے قابو سے باہر ہوسکتی ہے۔

سوشل میڈیا پر جاری اپنے ایک بیان میں ابراہیم عزیزی نے براہِ راست مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے تمہیں پہلے ہی خبردار کیا تھا! انہوں نے مزید کہا کہ اب تم نے ایک ایسے راستے پر قدم رکھ دیا ہے جس کا انجام اب تمہارے اختیار میں نہیں رہا۔

دوسری جانب غیر ملکی خبر رساں ادارے‘رائٹرز’سے گفتگو کرتے ہوئے ایک اعلیٰ ایرانی عہدیدار نے تصدیق کی ہے کہ تہران ان حملوں کا جواب دینے کے لیے بھرپور تیاری کر رہا ہے۔

ایرانی عہدیدار کا کہنا ہے کہ امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے کی گئی جارحیت کا جواب انتہائی سخت اور تباہ کن (Crushing) ہو گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ایران اپنی خودمختاری پر ہونے والے کسی بھی حملے کو برداشت نہیں کرے گا اور جوابی کارروائی کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

واضح رہے کہ جنگی جنون میں مبتلا اسرائیل نے امریکہ کے ساتھ مل کر ایران پر حملہ کردیا ہے، عالمی خبر رساں ادارے نے ایرانی اہلکاروں کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ حملے کے وقت سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای تہران میں موجود نہیں تھے، بلکہ انہیں پہلے ہی کسی انتہائی خفیہ اور محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا تھا

 

Ads