تہران، 28 فروری (مسرت ڈاٹ کام) سید عباس عراقچی اور فواد حسین نے ٹیلیفونک گفتگو کے دوران خطے میں امن و استحکام کے لیے قریبی مشاورت جاری رکھنے کی ضرورت پر اتفاق کیا۔
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، فؤاد حسین نے جمعہ کے روز ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی سے ٹیلیفونک گفتگو کی، جس میں علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
گفتگو کے دوران سید عباس عراقچی نے اپنے عراقی ہم منصب کو ایران اور امریکہ کے درمیان جاری بالواسطہ جوہری مذاکرات کی پیش رفت سے آگاہ کیا۔
دونوں رہنماؤں نے اس امر پر زور دیا کہ خطے کے ممالک کے درمیان قریبی مشاورت اور تعاون کا تسلسل علاقائی امن و استحکام کے لیے ناگزیر ہے۔
اس سے قبل ایرانی وزیر خارجہ نے مصر کے وزیر خارجہ بدر عبدالعاطی سے بھی ٹیلیفون پر رابطہ کیا تھا، جس میں خطے کی تازہ صورتحال اور ایران-امریکہ مذاکرات پر گفتگو ہوئی۔
عراقچی نے مصری ہم منصب کو جمعرات کے روز جنیوا میں ہونے والی بات چیت کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال سے بھی آگاہ کیا۔
