نیوزی لینڈ کے گیند بازوں نے 169 رنز کے ہدف کا دفاع کرتے ہوئے سری لنکا کو 61 رن سے ہرادیا۔ سری لنکا کی شروعات خراب رہی اور اس نے اپنے دو وکٹ محض چھ رنز کے اسکور پر گنوا دئے۔ پتھم نسانکا (صفر) اور چرتھ اسالنکا (پانچ) کو میٹ ہنری نے آؤٹ کیا۔ راچن رویندرا نے محض تین اوورز میں 19 رنز دے کر سری لنکا کے چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ کوسل مینڈس (11)، پون رتنائیکے (10)، کپتان داسن شناکا (تین) اور دوشن ہیمنتھا (تین) کو راچن رویندرا نے اپنا شکار بنایا۔ 15 ویں اوور میں مچل سینٹنر نے کامنڈو مینڈس (31 رنز) کو آؤٹ کر کے سری لنکا کو 77 کے اسکور پر ساتواں دھچکا دیا۔ 20 ویں اوور میں گلین فلپس نے دونیتھ ویلالگے کو آؤٹ کر کے نیوزی لینڈ کو آٹھویں کامیابی دلائی۔ ویلالگے نے 23 گیندوں پر دو چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 29 رنز بنائے۔ سری لنکا کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں آٹھ وکٹوں پر 107 رنز ہی بنا سکی اور 61 رنز سے میچ ہار گئی۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے راچن رویندر نے چار وکٹ حاصل کئے۔ میٹ ہنری کو دو وکٹ ملے جبکہ مچل سینٹنر اور گلین فلپس نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل، سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ بلے بازی کے لیے اتری نیوزی لینڈ کی ٹیم کی شروعات بھی خراب رہی اور اس نے باقاعدہ وقفوں سے وکٹ گنوائے۔ ایک وقت پر نیوزی لینڈ نے 12.1 اوورز میں 84 کے مجموعی اسکور پر اپنے چھ وکٹ گنوا دیے تھے۔ فن ایلن (23)، ٹم سیفرٹ (آٹھ)، گلین فلپس (18)، راچن رویندر (32)، مارک چیپ مین (صفر) اور ڈیرل مچل (تین) رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ایسی مشکل صورتحال میں مچل سینٹنر اور کول میک کونچی کی جوڑی نے اننگز کو سنبھالا اور تیزی سے رنز بھی بنائے۔ مچل سینٹنر اننگز کی آخری گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ نیوزی لینڈ نے مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹوں پر 168 رنز بنائے۔ مچل سینٹنر نے 26 گیندوں پر دو چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے 47 رنز کی اننگز کھیلی۔ کول میک کونچی نے 23 گیندوں پر دو چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ 31 رنز بنائے۔ سری لنکا کی جانب سے مہیش تھیکشنا اور دشمنتھا چمیرا نے تین تین وکٹ حاصل کئے، جبکہ دونیتھ ویلالگے نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
