تہران، 25 فروری (مسرت ڈاٹ کام) ایرانی وزیر خارجہ نے شجاعت کے ساتھ ملکی حاکمیت کا دفاع اور بہادری کے ساتھ مذاکرات کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے کہا ہے کہ ایران اپنی خودمختاری کے تحفظ کے لیے ہر ممکن قدم اٹھائے گا اور اسی اعتماد کے ساتھ مذاکرات کی میز پر بھی جائے گا۔
انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ ایران سابقہ دور کی مفاہمت کی بنیاد پر امریکہ کے ساتھ جنیوا میں مذاکرات دوبارہ شروع کررہا ہے۔ تہران ایک عادلانہ اور متوازن معاہدے تک جلد از جلد پہنچنے کا خواہاں ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ ایران کسی بھی صورت جوہری ہتھیاروں کے حصول یا تیاری کی طرف نہیں جائے گا، تاہم پرامن جوہری ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھانا ایرانی قوم کا حق ہے اور اس حق سے دستبردار نہیں ہوگا۔
عباس عراقچی نے موجودہ صورتحال کو ایک اہم موقع قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر سفارت کاری کو سنجیدگی سے آگے بڑھایا جائے تو ایسا معاہدہ ممکن ہے جو دونوں فریقوں کے خدشات کو دور کرے اور مشترکہ مفادات کو یقینی بنائے۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ ایران نے پہلے بھی ثابت کیا ہے کہ وہ اپنی حاکمیت کے دفاع میں کسی دباؤ کو قبول نہیں کرے گا اور اسی جرات کے ساتھ مذاکراتی عمل میں شریک ہوگا تاکہ اختلافات کا پرامن حل تلاش کیا جاسکے۔
