Masarrat
Masarrat Urdu

صہیونی جارحیت، زبانی مذمت کا کوئی فائدہ نہیں، حزب اللہ

  • 22 Feb 2026
  • مسرت ڈیسک
  • دنیا
Thumb

بیروت، 22 فروری (مسرت ڈاٹ کام) حزب اللہ نے لبنانی حکومت کے موقف پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ صہیونی حملوں پر زبانی مذمت کرنے کا اب کوئی فائدہ نہیں ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حزب اللہ لبنان نے ملک کے مختلف شہروں پر صہیونی حملوں کے بارے میں بیروت حکومت کے موقف کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

پارلیمنٹ میں تنظیم کے نمائندے رامی ابوحمدان نے کہا ہے کہ صہیونی حکومت نے گذشتہ روز افطار کے وقت فضائی حملہ کیا۔ ہماری بات صہیونی حکومت سے نہیں جو طاقت کی زبان ہی سمجھتی ہے۔ ہمارا مخاطب لبنانی حکام ہیں جو لبنان کی سرزمین اور عوام کی حفاظت کا دم بھرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ محض مذمت کرتے رہنے کا وقت نہیں۔ لبنان کے عوام کا خون کوئی سستی شے نہیں ہے۔ بیروت حکام کو لبنان کے دفاع کے طریقۂ کار میں بنیادی تبدیلیاں لانی چاہئیں۔ جو کچھ گزشتہ رات بقاع میں ہوا اور جو ہر رات جنوبی لبنان میں پیش آتا ہے، اسے کسی صورت ایک معمول نہیں بننے دیا جانا چاہیے۔ 

انہوں نے کہا کہ ہم ہرگز یہ قبول نہیں کریں گے کہ لبنانی حکومت صرف سیاسی بیانات دیتی رہے، بلکہ کم از کم جنگ بندی کی نگرانی کرنے والی کمیٹی کے اجلاسوں کو ان جارحیتوں کے مکمل خاتمے تک معطل کر دینا چاہیے۔ 

ابوحمدان نے زور دے کر کہا کہ لبنان کے اقدامات فوری اور نتیجہ خیز ہونے چاہئیں۔ حکومت اور ریاستی اداروں کو اپنی ذمہ داریاں اس طرح ادا کرنی چاہئیں کہ وہ کسی بھی قسم کے دباو اور دھمکی کے سامنے جھکنے سے دور رہیں۔

انہوں نے کہا کہ لبنان کے عوام تمام تر درد اور زخموں کے باوجود مقاومت کے راستے پر ثابت قدم رہیں گے۔

Ads