اس ٹیکنالوجی کے تحت صارفین ایک ورچوئل اسکرین کے سامنے کھڑے ہوتے ہیں، جہاں ان کی رضامندی سے تصویر لی جاتی ہے۔ کمپیوٹر ویژن کے ذریعے سسٹم صارف کی تصویر پر منتخب کردہ لباس کو فوری طور پر میپ کر دیتا ہے اور تصویر سے حاصل کردہ جسمانی پیمائش کی بنیاد پر موزوں ترین فٹنگ کی سفارش کرتا ہے۔ لائیو ڈیمو کے دوران خریداروں نے ملبوسات کا انتخاب کیا، جس کے بعد سسٹم نے ان کے باڈی ٹائپ اور سائز کا تجزیہ کر کے حقیقت پسندانہ پریویو تیار کیا۔ پلیٹ فارم پر صارف کی اصل تصویر اور اے آئی سے تیار کردہ لک کو ایک ساتھ دکھایا گیا اور ریئل ٹائم میں ذاتی سفارشات دی گئیں۔ اس حل میں خودکار اسٹائلنگ تجاویز کی سہولت بھی موجود ہے۔ ساتھ ہی، صارفین اپنی تصویر کو ہندوستانی فنون کے انداز سے متاثر تھیمڈ ویژول فارمیٹ میں بھی تبدیل کر سکتے ہیں۔
ٹی سی ایس کی ایکسپو نمائندہ رولی ستانی نے 'یواین آئی' سے بات چیت میں کہا کہ یہ پلیٹ فارم فوری اور سہل ورچوئل ٹرائل کا تجربہ فراہم کرتا ہے اورہندوستان میں عالمی سطح کا ریٹیل تجربہ لانے کی سمت میں ایک اہم قدم ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ اختراع ملک کے فیشن ریٹیل منظر نامے کو نمایاں طور پر بدل دے گی۔
تصویر کی رازداری سے متعلق سوال پر محترمہ ستانی نے کہا کہ ڈیٹا کے تحفظ کے سخت اقدامات نافذ کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا، "تصویریں صرف صارف کی واضح رضامندی کے بعد لی جاتی ہیں اور تمام ڈیٹا ریٹیلر کے پاس ہی رہتا ہے۔ صارف کی اجازت کے بغیر کسی دوسرے مقصد کے لیے ڈیٹا کا استعمال نہیں کیا جاتا۔" یہ اقدام جدید اے آئی اور کمپیوٹر ویژن ٹیکنالوجیز کو مرکزی دھارے کے ریٹیل میں ضم کرنے کی سمت میں ایک اہم قدم سمجھا جا رہا ہے، جس سے سہولت، انفرادیت اور صارفین کی شمولیت میں نمایاں اضافہ ہوگا۔
