مرکزی دارالقضا امارت شرعیہ بہار، اڑیسہ، جھارکھنڈ، پھلواڑی شریف پٹنہ، مرکزی چاند کمیٹی فرنگی محل لکھنو، مرکزی رویت ہلال کمیٹی جامع مسجد دہلی، رویت ہلال کمیٹی آل انڈیا ملی کونسل بہار، دارلقضا ادارہ شرعیہ،اورنگ آباد، بہار، بھٹکل اور دیگر علاقوں کی رویت ہلال کمییٹوں نے چاند نظر آنے کی تصدیق کی ہے اس لئے یکم رمضان 19 فروری بروز جمعرات کو ہوگا اور پہلا روزہ جمعرات کے روز سے رکھا جائے گا۔ دارالعلوم دیوبند مرکزی رویت ہلال کمیٹی کی میٹنگ ہوئی جس میں کہا گیا ہے کہ چاند دیکھنے کا اہتمام کیا گیا لیکن مطلع ابر آلود ہونے کی وجہ سے چاند نظر نہیں آیا البتہ ملک کے مختلف علاقوں سے رویت کی متعدد خبریں موصول ہوئیں اور چاندن دیکھنے والوں سے براہ راست چاند دیکھنے کی تصدیق ہوئی۔ اس لئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی دارالعلوم دیوبند فیصلہ کرتی ہے کہ کل مورخہ 19 فروری سے پہلا روزہ ہوگا۔
مرکزی دارالقضا امارت شرعیہ بہار، اڑیسہ، جھارکھنڈ، پھلواڑی شریف پٹنہ کے قاضی انظار عالم قاسمی نے اعلان کیا ہے کہ پٹنہ میں چاند دیکھنے کا اہتمام کیا گیا مگر پٹنہ اوراس کے اطراف میں چاند نظر نہیں آیا البتہ رانچی، لوہر دگا، چترا، سیسئی،نوادہ، دربھنگہ، گیا، ڈیری آن سون و دیگر مقامات پر چاند نظر آیا جس کی تصدیق کرلی گئی۔ا س لئے یکم رمضان 19 فروری بروز جمعرات کو ہوگا۔ مرکزی رویت ہلال کمیٹی جامع مسجد دہلی نے اعلان کیا ہے کہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ یکم رمضان المبارک 19 فروری جمعرات کے روز سے ہوگا۔
اس کے علاوہ شاہی جامع مسجد فتح پوری رویت ہلال کمیٹی، دہلی اور ملک کی مختلف رویت ہلال کمییٹوں نے چاند دیکھے جانے کی تصدیق کی ہے۔
