Masarrat
Masarrat Urdu

ہندوستان نے پاکستان کو شکست دے کر سپر 8 میں جگہ بنائی

Thumb

کولمبو، 15 فروری (مسرت ڈاٹ کام) ایشان کشن (77)، سوریہ کمار یادو (32) اور شیوم دوبے (27) کی دھماکہ خیز بلے بازی کے بعد گیندبازوں کی عمدہ کارکردگی کی بدولت ہندوستان نے اتوار کو ٹی20 ورلڈ کپ کے 27ویں مقابلے میں 12 گیند باقی رہتے ہوئے پاکستان کو61 رنوں سے شکست دے کر سپرآٹھ میں جگہ بنالی۔ ہندستان نے اس جیت کے ساتھ ورلڈ کپ میں پاکستان کے خلاف اپنا ریکارڈ 8-1 کرلیا ہے۔

176 کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کو ہاردک پانڈیا اور جسپریت بمراہ کی جوڑی نے ہلا کر رکھ دیا۔ ہاردک نے پہلے ہی اوور میں صاحبزادہ فرحان (0) کو آؤٹ کرکے ہندوستان کو پہلی کامیابی دلائی۔ اگلے ہی اوور میں جسپریت بمراہ نے صائم ایوب (6) اور اسی اوور کی آخری گیند پر کپتان آغا سلمان (4) کو اپنا شکار بنالیا۔ پانچویں اوور میں باؤلنگ کرنے آئے اکشر پٹیل نے بابر اعظم (5) کو آؤٹ کردیا۔ اس کے بعد عثمان خان اور شاداب خان نے 39 رنز جوڑ کر واپسی کی کوشش کی لیکن 11ویں اوور میں اکشر نے عثمان خان کو آؤٹ کر کے پاکستان کو پانچواں جھٹکا دیا۔ عثمان خان نے 34 گیندوں پر چھ چوکے اور ایک چھکا لگا کر 44 رنز کی اننگز کھیلی۔ کلدیپ نے محمد نواز (4) کا وکٹ لیا۔ تلک ورما نے 13ویں اوور میں شاداب خان کو آؤٹ کر کے ہندستان کو ساتویں کامیابی دلائی۔ ورون چکرورتی نے 16ویں اوور میں فہیم اشرف (10) اور ابرار احمد (0) کی وکٹیں لیں۔ 18ویں اوور کی آخری گیند پر ہاردک پانڈیا نے عثمان طارق (0) کو بولڈ کر کے پاکستان کی اننگز 114 کے اسکور پر ختم کر دی اور بھارت کو سپر ایٹ میں پہنچا دیا۔

ہندستان کی جانب سے ہاردک پانڈیا، جسپریت بمراہ، اکشر پٹیل اور ورون چکرورتی نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ کلدیپ یادو اور تلک ورما نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل آج یہاں ہندستان نے پاکستان کے خلاف ٹی20 ورلڈ کپ کی تاریخ کا سب سے بڑا اسکور سات وکٹ پر 175 رن بنایا۔ پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کرنے کا فیصلہ کیا۔ ہندستان کی شروعات خراب رہی اور اس نے بھیشیک شرما (0) کا وکٹ گنوادیا۔ اس کے بعد بلے بازی کرنے آئے تلک ورما نے ایشان کشن کے ساتھ دوسرے وکٹ کے لیے 87 رنز جوڑے۔ سیم ایوب نے نویں اوور میں دھماکہ خیزبلے بازی کررہے ایشان کشن کو بولڈ کر کے اس شراکت کا خاتمہ کیا۔ ایشان کشن نے 40 گیندوں میں 10 چوکے اور تین چھکے لگا کر 77 رنز بنائے۔ 15ویں اوور میں سیم ایوب نے تلک ورما کو 24 گیندوں میں 25 رنز پر اور اس کی اگلی ہی گیند پر ہاردک پانڈیا (0) کو اگلی آؤٹ کر کے پاکستان کی میچ میں واپسی کرائی۔ 19ویں اوور میں عثمان طارق کی گیند پر بڑا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں سوریہ کمار یادیو باؤنڈری پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ سوریہ کمار یادو نے 29 گیندوں میں تین چوکوں کی مدد سے 32 رنز بنائے۔ شیوم دوبے نے 17 گیندوں میں تین چوکوں اور ایک چھکا کی مدد سے 27 رنز بنائے۔ ہندوستان نے مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹوں پر 175 رنز کا چیلنجنگ اسکور کھڑا کیا۔ رنکو سنگھ چار گیندوں پر 11 رنز بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ رہے۔

پاکستان کی جانب سے سیم ایوب نے تین جبکہ شاہین شاہ آفریدی اور آغا سلمان نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔

 
 

Ads