Masarrat
Masarrat Urdu

سری لنکا نے عمان کو 105 رنوں سے شکست دی

Thumb

پلے کیلے، 12 فروری (مسرت ڈاٹ کام) کوسل مینڈس (61)، پون رتنائیکے (60) اور کپتان داسن شناکا (50) کی آتشیں نصف سنچری اننگز کے بعد گیند بازوں کی بہترین کارکردگی کی بدولت سری لنکا نے جمعرات کو ٹی-20 ورلڈ کپ کے 16ویں مقابلے میں عمان کو 105 رنوں سے کراری شکست دی۔ دو سو چھبیس رنوں کے بڑے ہدف کا تعاقب میں اتری عمان کے بلے باز سری لنکن گیند بازی کے آگے ٹک نہیں سکے اور لگاتار وکٹ گنواتے رہے۔ عمان کی ٹیم مقررہ 20 اوور میں نو وکٹ پر 120 رن ہی بنا سکی اور 105 رنوں سے مقابلہ ہار گئی۔ وسیم علی نے 20 گیندوں میں تین چھکےلگاتے ہوئے 27 رن بنائے۔ وہیں محمد ندیم آخر تک جمے رہے اور انہوں نے 56 گیندوں میں تین چوکے اور ایک چھکا لگاتے ہوئے ناٹ آؤٹ 53 رنوں کی اننگز کھیلی۔ بقیہ بلے باز دہائی کے ہندسے تک بھی نہ پہنچ سکے۔

سری لنکا کے لیے دشمنت چمیرا اور مہیش تکشنا نے دو دو وکٹ لیے۔ دونیت ویلالگے، دوشن ہیمنتھا اور کامنڈو مینڈس نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔

آج یہاں عمان نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ لیا۔ بلے بازی کرنے اتری سری لنکا کی شروعات اچھی نہیں رہی اور اس نے 42 کے اسکور تک اپنے دو وکٹ گنوا دیے۔ کامل مشارا (آٹھ) اور پتھم نسانکا (13) رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد کوسل مینڈس اور پون رتنائیکے کی جوڑی نے اننگز کو سنبھالا اور تیزی کے ساتھ رن بھی حاصل کئے۔ دونوں بلے بازوں کے درمیان 94 رنوں کی شراکت داری ہوئی۔

چودھویں اوور میں جیتن رامانندی نے پون رتنائیکے کو بولڈ کر کے اس شراکت داری کا خاتمہ کیا۔ پون رتنائیکے نے 28 گیندوں میں آٹھ چوکے اور ایک چھکا لگاتے ہوئے (60) رن بنائے۔ پانچویں نمبر پر بلے بازی کرنے آئے شناکا نے آتشیں بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کوسل مینڈس کے ساتھ 63 رن جوڑے۔ 19ویں اوور میں جیتن رامانندی نے شناکا کو آؤٹ کر کے اس شراکت داری کا خاتمہ کیا۔ شناکا نے 20 گیندوں میں دو چوکے اور پانچ چھکے اڑاتے ہوئے 50 رن بنائے۔ اسی اوور کی دوسری گیند پر کوسل مینڈس رن آؤٹ ہوئے۔ کوسل مینڈس نے 45 گیندوں میں سات چوکے لگاتے ہوئے 61 رنوں کی اننگز کھیلی۔ سری لنکا نے مقررہ 20 اووروں میں پانچ وکٹ پر 225 رنوں کا بڑا اسکور بنایا۔ کامنڈو مینڈس سات گیندوں میں 19 رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

عمان کے لیے جیتن رامانندی نے دو وکٹ لیے۔ جے اوڈیڈرا اور سفیان محمود نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔

 

Ads