Masarrat
Masarrat Urdu

جنوبی افریقہ نے کینیڈا کو 57 رنز سے دی شکست

Thumb

احمد آباد، 9 فروری (مسرت ڈاٹ کام) کپتان ایڈن مارکرم (59)، ڈیوڈ ملر (ناٹ آؤٹ 39) اور ٹرسٹن اسٹبس (ناٹ آؤٹ 34) کی شاندار اننگز کے بعد لنگی اینگیڈی (چار وکٹ) کی قیادت میں گیند بازوں کی بہترین کارکردگی کی بدولت جنوبی افریقہ نے پیر کو ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے نویں مقابلے میں کناڈا پر 57 رنز سے جیت حاصل کی۔

کناڈا 214 رنز کے بڑے ہدف کا تعاقب کرنے اتری۔ اس کی شروعات اچھی نہیں رہی اور اس نے 45 کے اسکور تک اپنے چار وکٹ گنوا دیئے۔ دلپریت سنگھ (صفر) لنگی اینگیڈی کی پہلی ہی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ تیسرے اوور میں لنگی اینگیڈی نے یوراج سامرا (12) کو آؤٹ کر کے پویلین بھیج دیا۔ لنگی اینگیڈی کا تیسرا شکار نکولس کیرٹن (چار) بنے۔ چھٹے اوور میں کگیسو ربادا نے شریاس مووا (9) کو بولڈ آؤٹ کیا۔ 15ویں اوور میں لنگی اینگیڈی نے ہرش ٹھاکر کو آؤٹ کر کے جنوبی افریقہ کو پانچویں کامیابی دلائی۔ ہرش ٹھاکر نے 29 گیندوں میں دو چوکے اور دو چھکے لگا کر 33 رنز بنائے۔

اٹھارہویں اوور میں مارکو یانسن نے سعد بن ظفر (11) کو آؤٹ کیا۔ اگلی ہی گیند پر یانسن نے جسکرن سنگھ (صفر) کو شکار بنایا۔ 20ویں اوور کی پہلی گیند پر کوربن بوش نے نونیت دھالیوال کو آؤٹ کر کے کناڈا کو آٹھواں دھچکا دیا۔ دھالیوال نے 49 گیندوں میں سات چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 64 رنز کی اننگز کھیلی۔ کناڈا کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں آٹھ وکٹوں پر 156 رنز ہی بنا سکی اور 57 رنز سے مقابلہ ہار گئی۔ جنوبی افریقہ کے لیے لنگی اینگیڈی نے چار وکٹ حاصل کئے۔ مارکو یانسن کو دو وکٹ ملے۔ کوربن بوش اور کگیسو ربادا نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل آج یہاں کناڈا نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ بلے بازی کے لیے اترنے والی جنوبی افریقہ کی جانب سے ایڈن مارکرم اور کوئنٹن ڈی کاک کی جوڑی نے پہلی وکٹ کے لیے 70 رنز جوڑے۔ ساتویں اوور میں دلپریت سنگھ نے کوئنٹن ڈی کاک (25) کو بولڈ کر کے اس شراکت کو توڑا۔ جنوبی افریقہ کی دوسری وکٹ ایڈن مارکرم کی صورت میں گری، جنہیں اش پٹیل نے آؤٹ کیا۔ ایڈن مارکرم نے 32 گیندوں میں 10 چوکے اور ایک چھکا لگا کر 59 رنز کی اننگز کھیلی۔ 14ویں اوور میں انش پٹیل نے رائن رِکلٹن کو آؤٹ کر کے پویلین بھیجا۔ رائن رِکلٹن نے 21 گیندوں میں تین چوکے اور ایک چھکا لگا کر 33 رنز بنائے۔ ڈیوالڈ بریوس چھ رنز بنا کر انش پٹیل کا شکار بنے۔

جنوبی افریقہ نے مقررہ 20 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 213 رنز کا چیلنجنگ اسکور کھڑا کیا۔ ڈیوڈ ملر نے 23 گیندوں میں تین چھکے اور ایک چوکا لگا کر ناٹ آؤٹ 39 رنز بنائے۔ ٹرسٹن اسٹبس نے 19 گیندوں میں 34 رنز کی اننگز کھیلی، جس میں دو چوکے اور دو چھکے شامل تھے۔

کینیڈا کی جانب سے انش پٹیل نے تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ دلپریت سنگھ نے ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔

 

Ads