نیپال کو آخری اوور میں جیت کے لیے 10 رنز درکار تھے، جبکہ 19 ویں اوور میں نیپالی بلے بازوں نے 14 رنز اسکور کر کے میچ کو انگلینڈ کے ہاتھ سے نکال لیا تھا۔ تاہم، سیم کرن نے آخری اوور میں بہترین بالنگ کا مظاہرہ کیا اور نیپال کو صرف 5 رنز بنانے دیے۔ میچ کی آخری گیند پر نیپال کو جیت کے لیے چھکے کی ضرورت تھی، لیکن کرن نے صرف ایک رن دیا اور انگلینڈ کو فتح دلا دی۔
185 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیپال کی شروعات اچھی نہ تھی اور 42 کے اسکور پر دو وکٹیں گر گئیں۔ اس کے بعد کپتان روہت پاوڈیل (39) اور دیپندر سنگھ ایری (44) نے تیسری وکٹ کے لیے 82 رنز جوڑ کر ٹیم کو سنبھالا۔ آخر میں لوکیش بم نے طوفانی بیٹنگ کرتے ہوئے 20 گیندوں پر 39 رنز بنائے اور جیت کی امید برقرار رکھی، لیکن وہ اپنی ٹیم کو فنشنگ لائن پار نہ کروا سکے۔لیام ڈاوسن نے 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ جوفرا آرچر، سیم کرن، ول جیکس اور لیوک ووڈ نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔اس سے پہلے انگلینڈ نے ٹاس ہار کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 7 وکٹوں پر 184 رنز بنائے۔ جیکب بیتھل (55) اور کپتان ہیری بروک (53) کی نصف سنچریوں نے انگلینڈ کو ایک مضبوط پوزیشن میں پہنچایا۔ ول جیکس نے 18 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 39 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، جس پر انہیں 'پلیئر آف دی میچ' قرار دیا گیا۔ نیپال کے دیپندر سنگھ ایری اور نندن یادو نے 2-2 وکٹیں لیں، جبکہ سندیپ لامیچھانے اور شیر ملا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
