تہران،6 فروری (مسرت ڈاٹ کام) ایران کے نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی نے اپنے دورہ بیجنگ کے موقع پر چین کے وزیر خارجہ کے اسسٹینٹ "لیو بین" سے ملاقات کی۔
اس موقع پر لیو بین نے ایران کے ایٹمی اور سیاسی معاملات کے سفارتی راہ حل پر زور دیتے ہوئے پرامن ایٹمی توانائی کے استعمال پر مبنی تہران کے مسلّمہ حق پر زور دیا۔ یہ اطلاع ارنا نے اپنی رپورٹ میں دی ہے۔
لیو بین نے کاظم غریب آبادی سے ملاقات کے دوران اس بات پر زور دیا کہ بیجنگ زور زبردستی اور پابندیاں مسلط کرنے کا مخالف ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران نے ایٹمی ہتھیار نہ بنانے پر مبنی اپنے فیصلے کا بارہا اعادہ کیا ہے اور چین بھی اس سلسلے میں مناسب اور مستحکم راہ حل کو آگے بڑھانے کا قائل ہے۔
اس موقع پر نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی نے چین کے غیرجانبدارانہ اور منصفانہ موقف کا خیرمقدم کیا اور بیجنگ کے ساتھ تہران کے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کا اعادہ کیا۔
