غزہ، 3 فروری (مسرت ڈاٹ کام) غزہ میں پناہ گزینوں کے خیموں اور اسکول پر غاصب صیہونی حکومت کے ڈرون حملے میں دو فلسطینی شہید اور منتعدد دیگر زخمی ہوگئے ۔
شمالی غزہ میں واقع جبالیہ میں صیہونی حکومت کے جرائم کا سلسلہ بدستور جاری ہے اور آج بھی پناہ گزینوں کے خیموں اور ایک اسکول پر صیہونی حکومت کے ڈرون حملے میں دو فلسطینی شہید ہوگئے جن میں ایک بچہ بھی شامل تھا۔اس حملے میں کئی دیگر فلسطینیوں کے زخمی ہونے کی بھی خبر ہے ۔
اس سے پہلے طبی ذرائع نے اطلاع دی تھی کہ خان یونس کے مغرب میں المواسی کے علاقے میں پناہ گزینوں کے خیموں پر صیہونی جنگی جہازوں کی فائرنگ سے تین سالہ عیاد احمد الرابع نامی بچہ شہید ہو گیا تھا۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ خان یونس کے یلو لائن کے مشرق میں صیہونی حکومت کی جنگی مشینیں شہریوں پر شدید فائرنگ کر رہی ہیں ۔اسی طرح صیہونی حکومت نے رفح شہر میں رہائشی عمارتوں اور تنصیبات پر بھی بمباری کی ہے۔
فلسطینی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ اکتوبر میں جنگ بندی شروع ہونے کے بعد سے اب تک پانچ سو تیئس فلسطینی شہید اور چار سو تینتالیس افراد زخمی ہو چکے ہیں جب کہ سات سو پندرہ شہداء کی لاشیں ملی ہیں۔
