Masarrat
Masarrat Urdu

دشمن کسی بھی طور اسلامی انقلاب کو نقصان پہنچانے پر قادر نہیں، ہمارا ہاتھ ہتھیاروں کے ٹریگر پر ہے: آئی آر جی سی

  • 24 Jan 2026
  • مسرت ڈیسک
  • دنیا
Thumb

تہران، 24 جنوری (مسرت ڈاٹ کام) سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے دشمن کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران پر کسی بھی ممکنہ حملے کی صورت میں فوری اور دندان شکن جواب دیا جائے گا، ساتھ ہی سپاہ نے واضح کیا ہے کہ دشمن کسی بھی طور اسلامی انقلاب کو نقصان پہنچانے پر قادر نہیں ہے۔یہ اطلاع سحر ٹی وی نے اپنی ایک رپورٹ میں دی۔

جنرل احمد وحیدی نے آج نماز جمعہ کے خطبوں سے قبل اپنی تقریر میں کہا کہ ایرانی عوام اور سپاه پاسداران انقلاب اسلامی کے جوانوں نے داعش اور دیگر دہشتگرد گروہوں کو شکست دیکر ان کی سازشوں کو ناکام بنا دیا۔ اس سے قبل سپاه پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈرمیجر جنرل محمد پاکپور نے کہا تھا کہ ایران پر کسی بھی ممکنہ حملے کی صورت میں فوری اوردندان شکن جواب دیں گے۔ میجرجنرل پاکپور نے واضح طور پر کہا کہ ہمارے دشمن غلط فہمی میں نہ رہیں، ہمارا ہاتھ ہتھیاروں کے ٹریگر پر ہے، کسی بھی حملے کی صورت میں سخت جواب دینگے۔

میجرجنرل پاکپور کا کہنا تھا کہ امریکا اور اسرائیل کو یہ سمجھ لینا چاہیے کہ ہماری طاقت کے حوالے غلط اندازے لگانے کا نتیجہ ان کے لیے اچھا نہیں آئے گا۔ انہیں 12 روزہ جنگ کے بعد کم ازکم اتنا اندازہ تو ہوگیا ہوگا کہ ایران طاقتور ہے اور دشمن کو دندان شکن جواب دینے کی بھر پور صلاحیت اور طاقت رکھتا ہے اور اگر اس بار دشمن نے کوئی غلطی کی تو انہیں درناک صورتحال کا سامنا کرنا پڑے گا۔

انہوں کہا کہ ماضی کے مقابلے میں ایرانی افواج پہلے سے زیادہ بہتر طور پر تیار ہیں اور صیہونی ریاست یا امریکا نے کوئی سازش کی تو اس کا سخت جواب دیا جائے گا۔

واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعوی کیا تھا کہ ایران بات چیت کرنا چاہتا ہے ہم بھی بات چیت کے لیے تیار ہیں، ساتھ ہی ٹرمپ نے اعلان کیا کہ ایران کی طرف بڑی فورس بھیجی جا رہی ہے۔امریکی صدرنے کہا کہ امریکی فوجی اثاثے مشرق وسطیٰ منتقل ہو رہے ہیں، جس سے یوں دکھائی دیتا ہے کہ عالمی منظر نامہ تیزی کیساتھ ایک بھیانک تصادم کی طرف گامزن ہے اور تیسری عالمی جنگ کے بادل منڈلا رہے ہیں ۔

 

 

Ads