Masarrat
Masarrat Urdu

انڈر-19 ورلڈ کپ: پاکستان نے زمبابوے کو ہرایا، سپر سکس مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا

Thumb

ہرارے ،22 جنوری (مسرت ڈاٹ کام ) آئی سی سی انڈر-19 ورلڈ کپ کے اہم معرکے میں پاکستان نے زمبابوے کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 8 وکٹوں سے شکست دے کر ٹورنامنٹ کے سپر سکس مرحلے کے لیے رسائی حاصل کر لی۔ پاکستان نے زمبابوے کی جانب سے دیا گیا 129 رنز کا ہدف محض 27 ویں اوور میں 2 وکٹوں کے نقصان پر باآسانی حاصل کر لیا۔

129 رنز کے تعاقب میں پاکستانی اوپنرز نے محتاط مگر پر اعتماد آغاز فراہم کیا۔ نوجوان بلے باز سمیر منہاس نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 74 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی اور ٹیم کی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا۔ دیگر کھلاڑیوں میں عثمان خان 26 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ احمد حسین 24 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ پاکستان نے ہدف 26.2 اوورز میں مکمل کر کے رن ریٹ میں بھی بہتری یقینی بنائی۔ اس سے قبل ہرارے میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا۔ زمبابوے کی پوری ٹیم 35 اوورز میں صرف 128 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

میزبان ٹیم کی جانب سے نتھانیال ہالابنگانا 59 رنز بنا کر واحد نمایاں بلے باز رہے، ان کے علاوہ برینڈن سینزیر 15 رنز بنا سکے۔ زمبابوے کے دو کھلاڑی صفر پر آؤٹ ہوئے۔ فاسٹ بولر علی رضا نے شاندار اسپیل کرتے ہوئے 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ محمد صیام، عبد السبحان اور مومن قمر نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ احمد حسین نے ایک شکار کیا۔

 

Ads