Masarrat
Masarrat Urdu

بنگلہ دیش کا ہندوستان میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کھیلنے سے انکار، آئی سی سی کے سامنے 'ہائبرڈ ماڈل' کی تجویز

Thumb

ڈھاکہ، 22 جنوری(مسرت ڈاٹ کام) بنگلہ دیش نے سیکیورٹی خدشات کا حوالہ دیتے ہوئے ہندوستان میں شیڈول ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے میچز نہ کھیلنے کا حتمی فیصلہ کر لیا ہے۔ یہ فیصلہ جمعرات کو ڈھاکہ میں بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ ( بی سی بی )، کھلاڑیوں اور عبوری حکومت کے مشیرِ کھیل کے درمیان ہونے والے ایک اہم اجلاس میں کیا گیا۔ بنگلہ دیش کی عبوری حکومت کے مشیرکھیل آصف نذرل کا کہنا ہے کہ عبوری حکومت نے سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر ٹیم کو ہندوستان نہ بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے صدر امین الاسلام نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ بنگلہ دیش اپنے میچز ہندوستان کے بجائے سری لنکا میں کھیلنا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا،ہم آئی سی سی کے پاس سری لنکا میں کھیلنے کا منصوبہ لے کر جائیں گے۔ آئی سی سی کا ہمیں 24 گھنٹے کا الٹی میٹم دینا درست نہیں ہے، اس سے کروڑوں شائقین کرکٹ محروم رہ جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ پرامید ہیں کہ آئی سی سی انہیں سری لنکا میں کھیلنے کی اجازت دے گا۔ دوسری جانب بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بنگلہ دیش کی میچز شفٹ کرنے کی درخواست کو پہلے ہی مسترد کر دیا ہے۔ آئی سی سی نے واضح کیا ہے کہ اگر بنگلہ دیش ہندوستان جانے سے انکار کرتا ہے تو ٹورنامنٹ میں اس کی جگہ کسی دوسری ٹیم کو شامل کر لیا جائے گا۔ آئی سی سی بورڈ کے زیادہ تر ارکان بنگلہ دیش کی جگہ متبادل ٹیم لانے کے حق میں ووٹ دے چکے ہیں۔ رپورٹس کے مطابق یہ تنازع اس وقت شدت اختیار کر گیا جب بی سی سی آئی نے آئی پی ایل ٹیم کولکتہ نائٹ رائیڈرز کو مستفیض الرحمان کو ریلیز کرنے کی ہدایت کی۔ اس کے بعد بنگلہ دیش نے سیکیورٹی کو بنیاد بنا کر ہندوستان جانے سے انکار کر دیا۔ بنگلہ دیش نے یہ تجویز بھی دی تھی کہ انہیں آئرلینڈ کی جگہ گروپ 'بی' میں شامل کر دیا جائے کیونکہ آئرلینڈ کے میچز سری لنکا میں ہیں، جسے آئی سی سی نے مسترد کر دیا۔ ہندوستان میں نہ کھیلنے کی صورت میں بنگلہ دیشی بورڈ اور کھلاڑیوں کو بھاری مالی نقصان اٹھانا پڑے گا۔

Ads