Masarrat
Masarrat Urdu

اقوام متحدہ کی ایٹمی توانائی ایجنسی کو امریکہ - اسرائیل کے حملوں کی مذمت کرنی چاہیے: ایران

  • 22 Jan 2026
  • مسرت ڈیسک
  • دنیا
Thumb

تہران، 22 جنوری (مسرت ڈاٹ کام) ایران کی جوہری توانائی تنظیم کے سربراہ محمد اسلامی نے جمعرات کو اقوام متحدہ کے جوہری نگراں ادارے پر زور دیا کہ وہ جون میں ایرانی جوہری تنصیبات پر امریکہ اور اسرائیل کے حملوں کے بارے میں اپنا موقف واضح کرے۔ سرکاری نیوز ایجنسی ارنا نے یہ اطلاع دی۔

مسٹر اسلامی نے کہا کہ ایران نے بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل رافیل گروسی کو ایک خط بھیجا ہے، جس میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ ایجنسی کو "ایران کی جوہری تنصیبات پر حملوں کے بارے میں اپنی پوزیشن کا تعین کرنا چاہیے۔" انہوں نے کہا کہ ایجنسی کو فوجی حملوں میں نشانہ بنائے گئے مقامات کے لیے معائنہ پروٹوکول قائم کرنا چاہیے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ ایسے حملوں سے ماحولیاتی خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔

مسٹر اسلامی کا یہ بیان منگل کو ورلڈ اکنامک فورم میں مسٹر گروسی کے تبصروں کے بعد آیا ہے۔ مسٹر گروسی نے ایران کے یورینیم اسٹاک کا حساب رکھنے اور بمباری والے ایٹمی ٹھکانوں کی جانچ کے حوالے سے تنازعہ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا، ’’یہ ہمیشہ نہیں چل سکتا۔

مسٹر گروسی نے کہا کہ جوہری توانائی ایجنسی نے ایران میں ان تمام 13 اعلان کردہ جوہری مقامات کا معائنہ کیا ہے جن پر حملہ نہیں کیا گیا تھا، لیکن جون میں حملے کا نشانہ بننے والے تین اہم مقامات: نتنز، فردو اور اصفہان تک نہیں پہنچ سکی ہے۔ حملوں کے بعد ایران نے ایٹمی توانائی ایجنسی کے ساتھ تعاون معطل کر دیا کیونکہ ایجنسی نے حملوں کی مذمت نہیں کی اور اپنی تنصیبات اور اہلکاروں کی حفاظت کے بارے میں خدشات کا اظہار کیا۔

مسٹر اسلامی نے کہا کہ فی الحال ایران میں کوئی اٹامک انرجی ایجنسی انسپکٹر نہیں ہے اور ان کی رسائی صرف بغیر نقصان والے تک ہی ہے۔

 

Ads