Masarrat
Masarrat Urdu

روس: کثیر المنزلہ عمارتیں برف سے ڈھک گئیں، برفباری کا 146 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا

  • 21 Jan 2026
  • مسرت ڈیسک
  • دنیا
Thumb

ماسکو، 21 جنوری (مسرت ڈاٹ کام) روس میں برف باری کا 146 سالہ ریکارڈ چکنا چور ہو گیا اور برف اتنی پڑی ہے کہ برفانی پہاڑ بن گئے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق روس کے علاقے کامچاتکا میں برف اتنی پڑی ہے کہ برفباری کا 146 سالہ ریکارڈ چکنا چور ہو گیا ہے۔ کثیر المنزلہ عمارتوں کو برف نے ڈھانپ لیا ہے اور جگہ جگہ برفانی پہاڑ کھڑے دکھائی دے رہے ہیں۔

دیکھتے ہی دیکھتے گاڑیاں برف تلے دب گئیں اور ایک شہری نے تو گاڑی تک پہنچنے کے لیے برف میں سرنگ بنا ڈالی۔

حکام کے مطابق عمارتوں کی چھتوں سے گرنے والی برف تلے دب کر دو افراد ہلاک بھی ہوئے ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق جنوری کے پہلے 15 دنوں میں بعض علاقوں میں 2 میٹر سے زائد برف پڑ چکی ہے جبکہ دسمبر میں مجموعی طور پر تقریباً 3.7 میٹر برفباری ریکارڈ کی گئی تھی۔

کامچاتکا سے سامنے آنے والی ویڈیوز اور تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ گاڑیاں کئی میٹر برف کے نیچے دبی ہوئی ہیں۔ متعدد علاقوں میں شہریوں کو اپنی رہائشی عمارتوں کے داخلی راستے تک پہنچنے کے لیے خود برف ہٹا کر راستے بنانے پڑے۔

روسی میڈیا پر جاری ویڈیوز میں شہریوں کو ٹریفک سگنلز کے برابر اونچے برفانی تودوں پر چلتے دکھایا گیا ہے جبکہ سڑکوں کے کنارے کئی میٹر بلند برف کے ڈھیر دکھائی دیتے ہیں۔

سڑک کے اطراف بھی ہر طرف برف ہی برف نظر آ رہی ہے، جس میں میں منچلوں نے اسکیئنگ شروع کر دی ہے۔

 

Ads