Masarrat
Masarrat Urdu

ہندوستان اور یورپی یونین آزاد تجارتی معاہدے پر دستخط کے قریب: یورپی کمیشن کی صدر

Thumb

نئی دہلی، 20 جنوری (مسرت ڈاٹ کام) یورپی کمیشن کی صدر ارسولا وان ڈیر لیین نے منگل کے روز کہا کہ ہندوستان اور یورپی یونین (ای یو) آزاد تجارتی معاہدے (ایف ٹی اے) پر دستخط کے قریب ہیں اور یہ اب تک کا سب سے بڑا معاہدہ ہوگا۔ محترمہ لیین نے منگل کے روز داووس میں عالمی اقتصادی فورم (ڈبلیو ای ایف) سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ داووس کے بعد آئندہ ہفتے کے اختتام پر وہ ہندوستان کا دورہ کریں گی، تاہم انہوں نے یہ بھی کہا کہ ابھی کچھ کام باقی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اور داووس کے فوراً بعد اگلے ہفتے کے اختتام پر میں ہندوستان کا دورہ کروں گی۔ ابھی کچھ کام باقی ہے، لیکن ہم ایک تاریخی تجارتی معاہدے کے بالکل قریب ہیں۔ درحقیقت بعض لوگ اسے تمام معاہدوں کی ماں قرار دیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ معاہدہ دو ارب لوگوں پر مشتمل ایک آزاد منڈی تشکیل دے گا اور اس میں شامل فریقین عالمی مجموعی گھریلو پیداوار میں تقریباً ایک چوتھائی حصہ رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سے یورپ کو دنیا کے سب سے تیزی سے ترقی کرنے والے اور متحرک خطوں میں سے ایک (بھارت) کے ساتھ پہلے معاہدہ کرنے کا فائدہ حاصل ہوگا۔

یورپی کمیشن کی صدر نے کہا کہ یورپ موجودہ دور میں معاشی ترقی کے مراکز اور اس صدی کی اقتصادی طاقتوں کے ساتھ تجارت کرنا چاہتا ہے، جن میں لاطینی امریکہ سے لے کر ہند-بحرالکاہل اور اس سے آگے کے خطے شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یورپی یونین آسٹریلیا کے ساتھ ایک نئے آزاد تجارتی معاہدے کے لیے مذاکرات کر رہا ہے۔ اس کے علاوہ یورپی یونین فلپائنز، ملائیشیا، انڈونیشیا اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے ساتھ بھی معاہدوں کی سمت پیش رفت کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یورپ دنیا کا انتخاب کرے گا اور دنیا بھی یورپ کو منتخب کرنے کے لیے تیار ہے۔ یورپی کونسل کے صدر انتونیو کوسٹا اور ارسولا وان ڈیر لیین اس سال یومِ جمہوریہ کی تقریبات میں مہمانِ خصوصی ہوں گے۔ اس کے بعد وہ 27 جنوری کو وزیراعظم نریندر مودی کے ساتھ مشترکہ طور پر ہندوستان-یورپی سربراہ اجلاس کی صدارت کریں گے۔ اس دوران آزاد تجارتی معاہدے پر دستخط کیے جانے کا امکان ہے۔

 

Ads