امریکی ٹی وی کو ٹیلی فونک انٹرویو میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ گرین لینڈ لے کر رہیں گے، یہ قومی سلاتی کے لیے ضروری ہے۔ ایک سوال پر کہ کیا گرین لینڈ حاصل کرنے کے لیے طاقت کا استعمال کریں گے؟ ٹرمپ نے کہا وہ اس پر کوئی تبصرہ نہیں کریں گے۔
ٹرمپ نے کہا یورپ کو گرین لینڈ کی بجائے روس یوکرین جنگ پر توجہ دینی چاہیے کیوں کہ یورپ کی موجودہ صورت حال روس یوکرین جنگ کا نتیجہ ہے۔
ٹرمپ نے گرین لینڈ کے حصول تک ڈنمارک سمیت 8 یورپی ممالک پر ٹیرف لگانے کا بھی اعلان کیا۔ امریکی صدر نے کہا کہ نوبل امن انعام کی کوئی پروا نہیں ہے، نوبل امن انعام پر ناروے کا کنٹرول ہے، چاہے وہ اس کا انکار کریں۔
دوسری طرف ٹرمپ کے ایک بیان پر رد عمل میں چین نے کہا ہے کہ امریکہ اپنے فائدے کے لیے نام نہاد چینی خطرے کو بہانے کے طور پر استعمال کرنا بند کرے۔ چینی وزارتِ خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے بیجنگ متعدد مواقع پر گرین لینڈ کے حوالے سے اپنا موقف واضح کر چکا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت بنائے گئے بین الاقوامی قوانین موجودہ بین الاقوامی نظام کی بنیاد ہیں اور اس کی پاسداری کرنی چاہیے۔ یاد رہے کہ صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ اگر گرین لینڈ امریکہ نے نہیں لیا تو چین اور روس اس پر قبضہ کر لیں گے۔
