Masarrat
Masarrat Urdu

ہندوستان اور یو اے ای کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط

Thumb

نئی دہلی، 19 جنوری (مسرت ڈاٹ کام) ہندوستان اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے اسٹریٹجک دفاعی شراکت داری سے متعلق فریم ورک کو حتمی شکل دینے اور خلائی شعبے میں مشترکہ اقدامات کے بارے میں مفاہمتی یاد داشتوں (لیٹر آف انٹینٹ) پر دستخط کیے ہیں۔ اس کے علاوہ دونوں ممالک نے گجرات کے دھولیرا میں ایک خصوصی سرمایہ کاری زون کی ترقی میں یو اے ای کی شمولیت سے متعلق مفاہمتی یادداشت پر بھی دستخط کیے ہیں جبکہ یو اے ای کی جانب سے پانچ لاکھ ٹن ایل این جی کی طویل مدتی فراہمی کے معاہدے پر بھی دستخط کیے گئے ہیں۔ دونوں ممالک نے دو طرفہ تجارت کو سال 2032 تک دوگنا کرکے 200 ارب ڈالر تک پہنچانے کا ہدف بھی مقرر کیا ہے۔

متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کے ساتھ وزیر اعظم نریندر مودی کی پیر کو ہونے والی بات چیت کے بعد خارجہ سکریٹری وکرم مسری نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ ان تمام معاہدوں پر دونوں رہنماؤں کی موجودگی میں دستخط کیے گئے۔

مسٹر مسری نے کہا کہ شیخ النہیان کا تین گھنٹے کا دورہ نہایت بامقصد رہا اور اس نے دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں مستقبل کی سمت متعین کرنے کی راہ ہموار کی۔

شیخ محمد بن زاید النہیان آج شام ہی ہندوستان کے سرکاری دورے پر پہنچے تھے۔ وزیر اعظم نریندر مودی خود ہوائی اڈے پر ان کا استقبال کرنے گئے۔ اس کے بعد وہ شیخ النہیان کو اپنی کار میں اپنے سرکاری رہائش گاہ لے کر آئے۔ وزیر اعظم نے شیخ النہیان اور ان کے اہل خانہ کو روایتی ہندوستانی تحائف بھی پیش کیے۔ وزیر اعظم سے ملاقات کے بعد یو اے ای کے صدر اپنے وطن روانہ ہو گئے۔ انہیں رخصت کرنے کے لیے وزیر خارجہ ایس جے شنکر ہوائی اڈے پر موجود تھے۔

Ads