Masarrat
Masarrat Urdu

مودی نے بنگال میں جنگل راج اور دراندازوں کو لے کر ممتا حکومت کو ہدف تنقید بنایا

Thumb

کولکتہ/نئی دہلی، 18 جنوری (مسرت ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے مغربی بنگال کی ممتا بنرجی حکومت پر نشانہ لگاتے ہوئے کہا ہے کہ ترنمول حکومت دراندازوں کو تحفظ دے کر بنگال اور ملک کی سلامتی کے ساتھ کھلواڑ کر رہی ہے کیونکہ یہ درانداز ان کے لیے پکا ووٹ بینک ہیں۔

مسٹر مودی نے اتوار کو ہگلی میں منعقدہ ایک بڑی عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ترنمول کانگریس حکومت پر سخت حملہ کیا۔ انہوں نے ریاست میں غیر قانونی دراندازی، قانون و انتظام کی بدحالی، بدعنوانی اور مرکزی حکومت کی اسکیموں کو روکنے کے لیے براہِ راست وزیراعلیٰ کو ذمہ دار ٹھہرایا۔

وزیراعظم مودی نے اپنے خطاب میں کہا کہ وکست بھارت کے ہدف کو پانے کے لیے مشرقی ہندوستان کی ترقی بے حد ضروری ہے اور اسی سوچ کے ساتھ مرکزی حکومت مسلسل کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ "کل میں مالدہ میں تھا اور آج ہگلی میں آپ سب کے درمیان ہوں۔ پچھلے 24 گھنٹے مغربی بنگال کی ریل اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے لیے تاریخی رہے ہیں۔"

وزیراعظم مودی نے کہا کہ سنگور کے جلسے میں امڈا عوامی سیلاب اس بات کا اشارہ ہے کہ مغربی بنگال تبدیلی چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بنگال کے لوگ 15 سال کے جنگل راج سے نجات چاہتے ہیں۔ جیسے بہار میں نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے) نے جنگل راج کو روکا، ویسے ہی بنگال اب ترنمول کے جنگل راج کو الوداع کرنے کے لیے تیار ہے۔

مسٹر مودی نے غیر قانونی دراندازی کو بنگال کی سب سے بڑی مسئلہ بتاتے ہوئے کہا کہ ترنمول حکومت دراندازوں کو کھلی چھوٹ دے رہی ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ترنمول دراندازوں کی حمایت میں دھرنے اور مظاہرے تک کرتی ہے کیونکہ وہ ان کے لیے ووٹ بینک ہیں اور حکومت کو ملک اور بنگال کی سلامتی کی کوئی فکر نہیں ہے۔ یہ حکومت گھس پیٹھیوں کو بچانے کے لیے کسی بھی حد تک جا سکتی ہے۔ انہوں نے بنگال کے نوجوانوں سے خاص طور پر محتاط رہنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ریاست کی سلامتی سے کھلواڑ کسی بھی صورت میں قبول نہیں کیا جا سکتا۔

وزیراعظم نے کہا کہ ترنمول حکومت میں بیٹیاں محفوظ نہیں ہیں، تعلیم کا نظام مافیا اور بدعنوانیوں کے قبضے میں ہے۔ انہوں نے ماؤں اور بہنوں سے اپیل کی کہ جب تک ترنمول اقتدار میں رہے گی، بچوں کو نہ اچھی تعلیم ملے گی نہ اچھی نوکری۔ انہوں نے صاف لفظوں میں کہا کہ بنگال کی ترقی اور ملک کی سلامتی کے لیے اس حکومت کا جانا ضروری ہے اور اس کے لیے بی جے پی حکومت بنانا ہی واحد راستہ ہے۔

مسٹر مودی نے بتایا کہ مغربی بنگال سے ملک کی پہلی وندے بھارت سلیپر ٹرین کی شروعات ہو چکی ہے۔ اس کے علاوہ بنگال کو تقریباً آدھا درجن امرت بھارت ایکسپریس ٹرینیں ملی ہیں، جن میں سے تین ٹرینیں آج ہی شروع کی گئی ہیں۔ ان میں ایک ٹرین ان کے پارلیمانی حلقے کاشی کو بنگال سے جوڑنے والی ہے اور دیگر ٹرینیں دہلی اور تمل ناڈو کے لیے چلائی گئی ہیں۔

 

Ads